پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنویر احمد علوی کی غزلیں — Tanveer Ahmad Alvi Ghazals

تنویر احمد علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مل بھی جاتا جو کہیں آب بقا کیا کرتے (غزل)

مل بھی جاتا جو کہیں آب بقا کیا کرتے

زندگی خود بھی تھی جینے کی سزا کیا کرتے

سرحدیں وہ نہ سہی اپنی حدوں سے باہر

جو بھی ممکن تھا کیا اس کے سوا کیا کرتے

ہم سرابوں میں سدا پھول کھلاتے گزرے

یہ بھی تھا آبلہ پائی کا صلا کیا کرتے

جس کو موہوم لکیروں کا مرقع کہیے

لوح دل پر تھا یہی نقش وفا کیا کرتے

اب وہ شالوں کا قفس ہو کہ لہو کی خوشبو

دل پہ لہراتی رہی برق ادا کیا کرتے

مانگنے کو تو یہاں اپنے سوا کچھ بھی نہ تھا

لب پہ آتا بھی اگر حرف دعا کیا کرتے

ہم کو خود عرض تمنا کا سلیقہ بھی نہ تھا

وہ بھی تنویرؔ بھلا عذر جفا کیا کرتے

لمحہ در لمحہ گزرتا ہی چلا جاتا ہے (غزل)

لمحہ در لمحہ گزرتا ہی چلا جاتا ہے

وقت خوشبو ہے بکھرتا ہی چلا جاتا ہے

آبگینوں کا شجر ہے کہ یہ احساس وجود

جب بکھرتا ہے بکھرتا ہی چلا جاتا ہے

دل کا یہ شہر صدا اور یہ حسیں سناٹا

وادئ جاں میں اترتا ہی چلا جاتا ہے

اب یہ اشکوں کے مرقعے ہیں کہ سمجھتے ہیں نہیں

نقش پتھر پہ سنورتا ہی چلا جاتا ہے

خون کا رنگ ہے اس پہ بھی شفق کی صورت

خاک در خاک نکھرتا ہی چلا جاتا ہے

واپسی کا یہ سفر کب سے ہوا تھا آغاز

نقش پا جس کا ابھرتا ہی چلا جاتا ہے

جیسے تنویرؔ کے ہونٹوں پہ لکھی ہے تاریخ

ذکر کرتا ہے تو کرتا ہی چلا جاتا ہے

مزید غزلیں از تنویر احمد علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں