پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنہا تماپوری کی غزلیں — Tanha Timmapuri Ghazals

تنہا تماپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات کچھ یوں ہے کہ یہ خوف کا منظر تو نہیں (غزل)

بات کچھ یوں ہے کہ یہ خوف کا منظر تو نہیں

لاش دریا میں غنیمت ہے کہ بے گھر تو نہیں

دور صحرائے بدن سے نکل آیا ہوں مگر

ڈھونڈھتا ہوں میں جسے وہ مرے اندر تو نہیں

خواہشیں روز نئی روز نئی روز نئی

یہ مرا ذہن بھی اخبار کا دفتر تو نہیں

دور تک لے گئی کیوں جنبش انگشت مجھے

میں اشارے ہی سے پھینکا ہوا پتھر تو نہیں

بھسماسر بن گئی ہے آج مشینی دنیا

کیسی دستک ہے جگت موہنی در پر تو نہیں

جسم کے اندر سسکتا کون ہے (غزل)

جسم کے اندر سسکتا کون ہے

ایسے ویرانے میں بستا کون ہے

یہ ٹھٹھرتی رات برفیلا سماں

گیلی آنکھوں میں اترتا کون ہے

خوف مٹنے کا نہیں ہے دوستو

یہ بتا دینا کہ مٹتا کون ہے

رام سا بن باس کچھ مشکل نہیں

صرف اک مشکل ہے سیتا کون ہے

شہر سارا جل گیا اب سوچیے

شہر کے نقشے بدلتا کون ہے

مجھ کو اپنوں سے ہی اکثر ڈر لگا

جانے ان اپنوں میں ڈستا کون ہے

سوچ کے دھاگے (نظم)

سوچ کے دھاگے

دور کھڑے گونگے ہاتھوں سے

اجڑے پیڑ کی سوکھی شاخوں پر

اک پتا باندھ رہے ہیں

میرے جینے کی خواہش

مصلوب ہوئی ہے

مزید غزلیں از تنہا تماپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں