پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تمثیلہ لطیف کی غزلیں — Tamsila Lateef Ghazals

تمثیلہ لطیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حال دل شعر میں لاتے ہوئے رو پڑتی ہوں (غزل)

حال دل شعر میں لاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

تیری تصویر بناتے ہوئے رو پڑتی ہوں

باندھ رکھا ہے تری یاد کے پہلو سے یہ دل

دشت میں ریت اڑاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

اب تو کہتی ہوں تعلق ہی نہیں تجھ سے مرا

اب تو یہ راز چھپاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

دل کی حالت کسی بچے کی طرح ہوتی ہے

آسماں سر پہ اٹھاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

کتنے شعروں میں تراشا تھا تجھے اپنے لیے

کتنی غزلوں کو جلاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

تیری قسمت کا ستارہ تھا ہتھیلی میں مری

اب لکیروں کو ملاتے ہوئے رو پڑتی ہوں

کوئی میرا بھی ہوتا جو کبھی کوئی دعا دیتا (غزل)

کوئی میرا بھی ہوتا جو کبھی کوئی دعا دیتا

یا پھر احسان یہ کرتا مجھے جام قضا دیتا

کہاں ڈھونڈوں میں وہ رہبر دکھا کر جو مجھے رستہ

مٹا دیتا مرے غم کو مجھے رب سے ملا دیتا

خدا سے لو لگاتی تو عطا ہوتا مجھے سب کچھ

پڑا تھا واسطہ بندے سے بندہ مجھ کو کیا دیتا

کوئی ایسا تو ہوتا جس سے کرتی دل کی باتیں میں

کوئی ایسا تو ہوتا جو مجھے اپنی نوا دیتا

سبق سب نے پڑھایا ہے مجھے تو بے وفائی کا

کوئی پاس وفا رکھتا کوئی درس وفا دیتا

چھپاتا ہے مرے عصیاں خدا کا ظرف بھی دیکھو

بشر کوئی خدا ہوتا یقیناً وہ سزا دیتا

یقیناً بے خبر تھا مجھ سے تمثیلہؔ وگرنہ وہ

اگر پہچانتا مجھ کو تو کیا ایسے گنوا دیتا

مزید غزلیں از تمثیلہ لطیف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں