طالب شملوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مست نظروں سے پلاؤ تو کوئی بات بنے (غزل)
مست نظروں سے پلاؤ تو کوئی بات بنے
آگ سینے میں لگاؤ تو کوئی بات بنے
ایک دو جام سے برسات میں کیا بنتا ہے
آج مے خانہ لٹاؤ تو کوئی بات بنے
نشہ ہے ایک طرف رنگ کہو خاک جمے
خود پیو اور پلاؤ تو کوئی بات بنے
حسن پردے میں رہے اور ہو جادو ہم پر
ہاں ذرا سامنے آؤ تو کوئی بات بنے
روٹھ کر روٹھے ہی رہنا تو کوئی بات نہیں
روٹھ کر مان بھی جاؤ تو کوئی بات بنے
رنگ پھیکا نظر آیا تو کہا محفل میں
جاؤ طالبؔ کو بلاؤ تو کوئی بات بنے
اٹھاؤ جام اٹھاؤ کہ رات باقی ہے (غزل)
اٹھاؤ جام اٹھاؤ کہ رات باقی ہے
اڑاؤ کاگ اڑاؤ کی رات باقی ہے
ملیں ملیں نہ ملیں پھر یہ فرصتیں ساقی
پلاؤ اور پلاؤ کہ رات باقی ہے
ابھی تو آئی ہے بازی جنوں کے ہاتھوں میں
ابھی نہ ہوش میں آؤ کہ رات باقی ہے
ابھی نصیب نے آنکھیں ذرا سی کھولی ہیں
نصیب اور جگاؤ کہ رات باقی ہے
ابھی تو کہنے دو افسانہ الجھی سانسوں کو
ابھی زباں نہ ہلاؤ کہ رات باقی ہے
ابھی کلی ہی کھلی ہے کلی کلی نہ رہے
کلی کو پھول بناؤ کہ رات باقی ہے
سحر تو دور ہے طالبؔ ابھی سے کیوں چپ ہو
غزل اک اور سناؤ کہ رات باقی ہے