پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تمنا جعفری کی غزلیں — Tamanna Jafri Ghazals

تمنا جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دل اگر تری یادوں سے اجتناب کرے (غزل)

یہ دل اگر تری یادوں سے اجتناب کرے

تو پھر نصیب مرا خانماں خراب کرے

ہے انتظار کی مدت تمام ہونے کو

اسے کہو کہ وہ جو کچھ کرے شتاب کرے

ہے اس کی مرضی جسے چاہے سونپ دے خود کو

جسے وہ چاہے اسے آپ دستیاب کرے

ہے اس کے گرد حسینوں کا ایک جم غفیر

نہ جانے اس کی نظر کس کا انتخاب کرے

تمہاری دید کی حسرت کبھی نہ پوری ہو

مزا تو جب ہے کہ وہ تجھ سے بھی حجاب کرے

اسے تو صرف خوشامد ہی راس آتی ہے

کوئی حضور کہے کوئی جی جناب کرے

دبا کے بیٹھے ہو جب بیوہ و یتیم کا حق

خدا تمہاری دعا کیسے مستجاب کرے

وہ چاہے چرخ کو اک دن ملا دے مٹی میں

اگر وہ چاہے تو ذرے کو آفتاب کرے

وہ جس کو چاہے حبیب خدا کا پائے لقب

جسے وہ چاہے اسے صاحب کتاب کرے

اگر وہ چاہے تو گلشن کی ہر روش مہکے

وہ جس کو چاہے بہاروں سے فیضیاب کرے

ذرا تمناؔ ڈرو روز حشر سے جس دن

خدا تمہارے گناہوں کا احتساب کرے

گر مری آہ کہیں عرش بریں تک پہنچے (غزل)

گر مری آہ کہیں عرش بریں تک پہنچے

غیظ اللہ کا پھر آ کے زمیں تک پہنچے

ناؤ کاغذ کی بہا دی اسی امید میں بس

کاش پیغام مرا زہرہ جبیں تک پہنچے

خاک ہی خاک میں مل جاتی ہے سنتے تھے یہ ہم

کتنے طوفان تھے جو خاک نشیں تک پہنچے

ایسی عادت تھی ہمیں اس کی حضوری کی کہ بس

کتنی مشکل سے تھے ہم ایک نہیں تک پہنچے

سب ہیں مشغول یہاں اپنے ہی کاموں میں کہ اب

کس کو فرصت ہے جو بیمار و حزیں تک پہنچے

تم نے آنے کو کہا تھا وہ بھلے جھوٹ ہی تھا

ہم وہیں پر ہیں کھڑے کوئی کہیں تک پہنچے

پھر تمناؔ کو کسی بات کی پروا ہی کیا

تیرا پیمان اگر اس کے یقیں تک پہنچے

مزید غزلیں از تمنا جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں