طالب قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس جگہ چھوڑا تھا وہ تیر و کماں یاد نہیں (غزل)
کس جگہ چھوڑا تھا وہ تیر و کماں یاد نہیں
تھا کہیں ساحل دریا پہ مکاں یاد نہیں
جانے کس سمت سے جاگے تھے وہ شعلے گھر میں
جانے کس سمت سے نکلا تھا دھواں یاد نہیں
مہکے خوشبو سے تری کتنے دریچے دل کے
کس نے دی پھر مرے لفظوں کو زباں یاد نہیں
ڈھونڈ کر لائے کوئی اب وہ خلش پہلی سی
کھو گئے تھے تری آنکھوں میں کہاں یاد نہیں
وقت کی گود بھی آسیب زدہ لگتی تھی
امن کی ہم کو کوئی بھی تو اذاں یاد نہیں
اس قدر ہوش ہے کہ سامنے چہرہ تھا وہی
گم ہوئے پھر اسی وحشت میں کہاں یاد نہیں
چاروں جانب ہے وہی درد کا صحرا طالبؔ
ہم فقیروں کو کوئی کاہکشاں یاد نہیں
کب سے شب فراق تلاش سحر میں ہے (غزل)
کب سے شب فراق تلاش سحر میں ہے
سورج مرے نصیب کا لمبے سفر میں ہے
محرومیوں کی دھوپ سے تپتے ہیں بام و در
ماحول سازگار کہاں میرے گھر میں ہے
پھر تشنگی ہے قوس قزح کا سماں لئے
آب رواں ہے آنکھ میں صحرا نظر میں ہے
فانوس جگمگائے ہوئے ہیں مکان کے
کائی مگر جمی ہوئی دیوار و در میں ہے
سب ہی مری تلاش میں نکلے ہیں ہر طرف
طالبؔ کہیں چھپا ہوا اپنی نظر میں ہے
رات کو خامشی کی چادر پر (نظم)
رات کو خامشی کی چادر پر
جب ستارے اترنے لگتے ہیں
شہر دل کے تمام خاکوں میں
اس کی چاہت کا رنگ بھرتا ہوں
خواہشوں کی حسین شہزادی
میرے اندر اترنے لگتی ہے
پھر سنبھالے ہوئے میں دامن شب
اس کی پلکوں کے سائے میں اکثر
جب ستارے امید کے چمکیں
خواب کتنے تراشتا ہوں میں
اس سے ملنے کی آرزو لے کر
اس کو ہر سو تلاش کرتا ہوں
اپنے احساس کی قباؤں میں
اس کی چاہت کے درد بھرتا ہوں
جب بھی اس شہر سے گزرتا ہوں