تالیف حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوال کیا ہے جواب کیا ہے (غزل)
سوال کیا ہے جواب کیا ہے
یہ عذر خانہ خراب کیا ہے
میں اپنی ہستی بدل رہا ہوں
یہ سب حساب و کتاب کیا ہے
تری محبت کے نام سب کچھ
مرا کوئی انتساب کیا ہے
کنارہ خود سے ہی کر لیا ہے
اب اور حد اجتناب کیا ہے
سفر ہی بس کار زندگی ہے
عذاب کیا ہے ثواب کیا ہے
تمام شہر ہی تیری ادا سے قائم ہے (غزل)
تمام شہر ہی تیری ادا سے قائم ہے
حصول کارگہہ غم دعا سے قائم ہے
تسلسل اس کے سوا اور کیا ہو مٹی کا
یہ ابتدا بھی مری انتہا سے قائم ہے
خدا وجود میں ہے آدمی کے ہونے سے
اور آدمی کا تسلسل خدا سے قائم ہے
تمام جوش محبت تمام حرص و ہوس
وفا کے نام پہ ہر بے وفا سے قائم ہے
یہ فاصلہ فقط ایک ریت کی نہیں دیوار
ترے وجود سے میری انا سے قائم ہے
مزید غزلیں از تالیف حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں