پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طلعت زہرا کی غزلیں — Talat Zahra Ghazals

طلعت زہرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں گردش دوراں میں کچھ احباب ملے ہیں (غزل)

یوں گردش دوراں میں کچھ احباب ملے ہیں

جیسے شب تاریک میں مہتاب ملے ہیں

یادوں کے کئی نقش ہیں بکھرے ہوئے دل میں

ان یادوں کے انبار سے کچھ خواب ملے ہیں

پہنے ہوئے رہتی ہوں تری یادوں کے گہنے

ان گہنوں میں کچھ گوہر نایاب ملے ہیں

اس دل کا تری روح سے رشتہ ہے کوئی تو

مجھ کو تری آنکھوں میں جو گرداب ملے ہیں

روشن ہیں یہاں تیری جہاں دیدہ نگاہیں

یوں ہم بھی تری فکر سے سیراب ملے ہیں

گھبرانا نہیں تو نے کبھی رنج سفر سے

دل تیرے لئے کتنے ہی بیتاب ملے ہیں

ہے میری سکھی عابدہ تیری میرے مولا

جس کے لئے جنت کے کئی باب کھلے ہیں

زہراؔ یہ فقط اس کی دعاؤں کا ثمر ہے

کچھ لوگ جو ہم کو سر محراب ملے ہیں

حق کی تلاش میں ہی بھٹکتی رہی سدا (غزل)

حق کی تلاش میں ہی بھٹکتی رہی سدا

کھوئی رہی ہے عشق میں منزل مری سدا

سیکھا سبق جو میں نے تو ازبر نہیں کیا

پاتی رہی سزا میں اسی بات کی سدا

تلخی گئے دنوں کی مرے ساتھ ہی رہی

وہ الٹی پڑ گئی جو دعا میں نے کی سدا

کچھ اور دھنس گئی اسے کھینچا اگر کبھی

کشتی پہن کے ریت ہی سوئی رہی سدا

میں اپنی کھوج میں رہی لیکن کچھ اس طرح

تیرا ہی ذکر غزلوں میں کرتی رہی سدا

زہراؔ معاف کر بھی دے اک دن اگر کبھی

تو بھی سزا ملے گی اسے اب وہی سدا

ابھی تسخیر کرنے ہیں وہ لفظ (نظم)

ابھی تسخیر کرنے ہیں وہ لفظ

کہ جن کو لکھ کر کتابوں میں پڑھ کر

تمناؤں کی ان گنت وادیوں میں بسے

اپنے خوابوں میں تعبیر کی کھڑکیاں کھول کر

دوسروں پر کھلے اور پھر دوسروں کے لیے مثل جاناں بنے

لفظ وہ جن کو صدیوں نے دیکھا

جنہیں دیکھ کر ان کو چاہا

جنہیں چاہ کر ان کو اپنے گلے سے لگایا

یہ سب چاہنے اور گلے سے لگانے کے لمحے

بیاں جس ادا سے ہوئے لفظ وہ ہمیں تسخیر کرنے ہیں

مزید غزلیں از طلعت زہرا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں