طلعت اشارت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جنوں نے زہر کا پیالہ پیا آہستہ آہستہ (غزل)
جنوں نے زہر کا پیالہ پیا آہستہ آہستہ
یہ شعلہ راکھ میں ڈھلنے لگا آہستہ آہستہ
بہت نازک ہیں احساسات ہم ارماں پرستوں کے
نہ ہم کو ٹھیس لگ جائے صبا آہستہ آہستہ
بجا ساز وفا لیکن ذرا دھیمے بجا مطرب
بپا ہے حشر سا دل میں صدا آہستہ آہستہ
خوشی کا ایک ایک لمحہ خراج زیست لے لے گا
یہ دل کے ٹوٹنے کا سلسلہ آہستہ آہستہ
یہ کیسا موڑ ہے بے حس زمانہ ساز یا قاتل
سلگتی ہے تمنا کی چتا آہستہ آہستہ
بے گانگی میں یوں ہی گزارا کریں گے ہم (غزل)
بے گانگی میں یوں ہی گزارا کریں گے ہم
بے چین ہوں تو خود کو پکارا کریں گے ہم
آبادیوں کے حزن میں صحرا کے شہر میں
بستی نئی بسا کے نظارا کریں گے ہم
اپنے دکھوں کو ان کی خوشی میں چھپائیں گے
ان کی ہنسی کی بھینٹ اتارا کریں گے ہم
جو جی میں آئے گا وہ کریں گے سرور میں
پھر فصل گل کو بعد گوارا کریں گے ہم
نا آشنا حبیب کی بے اعتنائی پر
بزم تخیلات سنوارا کریں گے ہم
از روئے انتقام ترے در تک آئیں گے
از روئے مہر تجھ سے کنارا کریں گے ہم
اپنے ہر ایک جھوٹ پہ ایمان لائیں گے
اپنی انا کا بوجھ اتارا کریں گے ہم