پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طلعت پروین کی غزلیں — Talat Parveen Ghazals

طلعت پروین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کو سکوں ملا ہے تجھے دیکھنے کے بعد (غزل)

دل کو سکوں ملا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

خوشیوں کا سلسلہ ہے تجھے دیکھنے کے بعد

اب لطف کیا ملے گا کسی شے کی دید سے

جو لطف مل رہا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

پژمردہ زندگی کو ملی اک نئی حیات

ایسا اثر ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

بے چینیاں سی رہتی ہیں ہر پل ہر ایک دن

مجھ کو یہ کیا ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

مجھ پر کرم کرے گا خدا ایک دن ضرور

محسوس یہ ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

جس کی مجھے تلاش تھی وہ مل گیا ہے اب

ایسا مجھے لگا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

میرا نصیب سنورے گا طلعتؔ کبھی ضرور

مجھ کو یہ آسرا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

نظر کے تیر سے دل کا شکار کرتے ہیں (غزل)

نظر کے تیر سے دل کا شکار کرتے ہیں

ہم اس جہاں میں یہی کاروبار کرتے ہیں

تمہاری زلف کی خوشبو کا تذکرہ کر کے

فضائے وقت کو ہم مشک بار کرتے ہیں

ہمارے شہر سے رخصت ہوئے ہو جس دن سے

تمہارے آنے کا ہم انتظار کرتے ہیں

دغا فریب کا خدشہ نہیں رہے ہم کو

یہی تو سوچ کے بچوں سے پیار کرتے ہیں

پرانی رسموں کی زنجیر توڑ کر اب ہم

نیا اصول کوئی اختیار کرتے ہیں

شمار کر نہ سکے کوئی شخص دنیا میں

خطائیں اس لیے وہ بے شمار کرتے ہیں

غموں کی بھیڑ سے باہر نکل کے اے طلعتؔ

فضائے قلب کو ہم خوشگوار کرتے ہیں

مزید غزلیں از طلعت پروین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں