پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طلعت عرفانی کی غزلیں — Talat Irfani Ghazals

طلعت عرفانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک شب تاریک ہم منزل پہ یوں لائے گئے (غزل)

اک شب تاریک ہم منزل پہ یوں لائے گئے

قید سے نکلے تو اک مقتل میں پہنچائے گئے

ہر قدم پر خون بکھرا تھا ہماری راہ پر

غالباً کچھ لوگ ادھر پہلے بھی لے جائے گئے

ایک تابندہ کرن کی آرزو کے جرم میں

سینکڑوں سورج مرے سینے میں دہکائے گئے

مل گیا دنیا کو میرے قتل کا اک دن سراغ

جس جگہ میں کھو گیا تھا تم وہیں پائے گئے

میرے حق میں جس کسی کے بھی دعا کو ہاتھ اٹھے

اس کی چوکھٹ تک مری تقدیر کے سائے گئے

ہائے یہ دن جو نہیں لیتے کہیں جانے کا نام

وائے وہ دن جو پلوں میں ہو گئے آئے گئے

چشم تر میں آج تک زندہ ہے طلعتؔ وہ گھڑی

جب صلیبوں پر مرے جذبات لٹکائے گئے

ٹپکتا ہے مرے اندر لہو جن آسمانوں سے (غزل)

ٹپکتا ہے مرے اندر لہو جن آسمانوں سے

کوئی تو ربط ہے ان کا زمیں کی داستانوں سے

دھواں اٹھنے لگا جب سنگ مرمر کی چٹانوں سے

ستاروں نے ہمیں آواز دی کچے مکانوں سے

سمندر کے پرندو ساحلوں کو لوٹ بھی جاؤ

بہت ٹکرا لیے ہو تم ہمارے بادبانوں سے

وہ اندر کا سفر تھا یا سراب آرزو یارو

ہمارا فاصلہ بڑھتا گیا دونوں جہانوں سے

لچکتے بازوؤں کا لمس تو پر کیف تھا طلعتؔ

مگر واقف نہ تھے ہم پتھروں کی داستانوں سے

مزید غزلیں از طلعت عرفانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں