پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طلعت فاروق کی غزلیں — Talat Farooq Ghazals

طلعت فاروق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل تڑپ کر بہل گیا شاید (غزل)

دل تڑپ کر بہل گیا شاید

شوق پھر سے مچل گیا شاید

کیوں دریچے پکارتے ہیں مجھے

پھر سے موسم بدل گیا شاید

ہوش انگڑائی لے کے جاگ اٹھا

وصل کا چاند ڈھل گیا شاید

تیر جو آخری تھا ترکش میں

اپنے ہی دل پہ چل گیا شاید

آ رہی ہے ندائے گریۂ سنگ

کوئی گر کر سنبھل گیا شاید

شہروں سے شہر یار کی تنہائیاں نہ پوچھ (غزل)

شہروں سے شہر یار کی تنہائیاں نہ پوچھ

لالے سے لالہ زار کی تنہائیاں نہ پوچھ

گلشن میں پھول دیکھ تو سبزے کا رنگ دیکھ

بٹتی ہوئی بہار کی تنہائیاں نہ پوچھ

جنت بدر ہوئے تو ملے ارض پہ رفیق

جنت میں کردگار کی تنہائیاں نہ پوچھ

یاران تیز گام تو آگے نکل گئے

اڑتے ہوئے غبار کی تنہائیاں نہ پوچھ

میرا لہو گرا تھا سر رہ اور اس کے بعد

تیغ و رسن کی دار کی تنہائیاں نہ پوچھ

میں نے رومیؔ سے کہا مجھ کو بتا (نظم)

میں نے رومیؔ سے کہا مجھ کو بتا

رینگتا کیڑا ہوں کہ شہباز دوست

میں ہوں محروم سماعت آج تک

آج تک ہوں شاکیٔ اغراض دوست

مجھ پہ نازل نہ ہوئی کوئی کتاب

کیوں نہ تھی میں لائق اعزاز دوست

ہنس کے رومیؔ نے کہا نادان سن

آ کروں تجھ پہ عیاں میں راز دوست

اس کی منظوری ترا قلب سلیم

یہ پرندہ اور تو پرواز دوست

رقص تیرا ہی ہے رقص کائنات

وہ مغنی اور تو ہے ساز دوست

اس کے ہاتھوں نے اٹھائی ہے کماں

تیر اس کا اور تو انداز دوست

روح کے اندر کا منظر الاماں

ناز والا وہ ہے اور تو ناز دوست

گر تو محروم سماعت ہے تو پھر

از کجا می آید ایں آواز دوست

مزید غزلیں از طلعت فاروق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں