تاجور سلطانہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حسن و عشق کا سنگم دیر تک نہیں رہتا (غزل)
حسن و عشق کا سنگم دیر تک نہیں رہتا
کوئی بھی حسیں موسم دیر تک نہیں رہتا
لوٹ جاؤ رستے سے تم نئے مسافر ہو
پیار کا سفر ہمدم دیر تک نہیں رہتا
اونچے اونچے محلوں کی داستاں یہ کہتی ہے
قہقہوں کا یہ عالم دیر تک نہیں رہتا
دل کسی کا ٹوٹے یا گھر کسی کا جل جائے
بے وفا کے دل کو غم دیر تک نہیں رہتا
ہو سکے تو چاہت کی چوٹ سے بچے رہنا
ورنہ زخم پر مرہم دیر تک نہیں رہتا
کیوں غرور کرتے ہو جا کے تم بلندی پر
شہرتوں کا یہ پرچم دیر تک نہیں رہتا
کون جانے کب کس پر زندگی ٹھہر جائے
کوئی رستم اعظم دیر تک نہیں رہتا
ہم خاک نشینوں کو راحت کا اجالا دے (غزل)
ہم خاک نشینوں کو راحت کا اجالا دے
کب ہم نے کہا تجھ سے سونے کا نوالا دے
رہنے کو حویلی ہے شہرت بھی ملی لیکن
کردار بھی کچھ تجھ کو اللہ تعالی دے
اب ایسی محبت سے دل کون لگاتا ہے
جو زخم جگر میں دے اور پاؤں میں چھالا دے
کیا اٹھ گئی دنیا سے ہر رسم وفا یا رب
کہتا ہے یہ دیوانہ اک چاہنے والا دے
اے یار مری چاہت اور ظرف کو کیا جانے
پی لوں ترے ہاتھوں سے گر زہر کا پیالا دے
اپنا ہو کہ دشمن ہو یہ تاجؔ نہ دیکھا کر
ہر شخص کو خوش ہو کر اخلاق نرالا دے