پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاجور نجیب آبادی کی غزلیں — Tajwar Najibabadi Ghazals

تاجور نجیب آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت میں زباں کو میں نواسنج فغاں کر لوں (غزل)

محبت میں زباں کو میں نواسنج فغاں کر لوں

شکستہ دل کی آہوں کو حریف ناتواں کر لوں

نہ میں بدلا نہ وہ بدلے نہ دل کی آرزو بدلی

میں کیوں کر اعتبار‌‌ انقلاب ناتواں کر لوں

نہ کر محو تماشا اے تحیر اتنی مہلت دے

میں ان سے داستان درد دل کو تو بیاں کر لوں

سبب ہر ایک مجھ سے پوچھتا ہے میرے ہونے کا

الٰہی ساری دنیا کو میں کیوں کر رازداں کر لوں

حسن شوخ چشم میں نام کو وفا نہیں (غزل)

حسن شوخ چشم میں نام کو وفا نہیں

درد آفریں نظر درد آشنا نہیں

ننگ عاشقی ہے وہ ننگ زندگی ہے وہ

جس کے دل کا آئینہ تیرا آئینہ نہیں

آہ اس کی بے کسی تو نہ جس کے ساتھ ہو

ہائے اس کی بندگی جس کا تو خدا نہیں

حیف وہ الم نصیب جس کا درد تو نہ ہو

اف وہ درد زندگی جس کی تو دوا نہیں

دوست یا عزیز ہیں خود فریبیوں کا نام

آج آپ کے سوا کوئی آپ کا نہیں

اپنے حسن کو ذرا تو مری نظر سے دیکھ

دوست! شش جہات میں کچھ ترے سوا نہیں

بے وفا خدا سے ڈر طعنۂ وفا نہ دے

تاجورؔ میں اور عیب کچھ ہوں بے وفا نہیں

مزید غزلیں از تاجور نجیب آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں