پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاج النساء تاج کی غزلیں — Tajunnisa Taj Ghazals

تاج النساء تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک ہی لفظ میں دفتر لکھنا (غزل)

ایک ہی لفظ میں دفتر لکھنا

خط اسے سوچ سمجھ کر لکھنا

جب چلی تیز ہوا کی تلوار

کتنے پنچھی ہوئے بے پر لکھنا

چاندنی کس کا مقدر ٹھہری

کس کا تاریک رہا گھر لکھنا

جھیل سے ابھری تھی جب قوس قزح

وہ سلگتا ہوا منظر لکھنا

نام بھی اس کا جو لکھنا پڑ جائے

روش عام سے ہٹ کر لکھنا

خوف کرنا نہ ہوا کا ہرگز

ریگ صحرا پہ سمندر لکھنا

ہے عجب کرب قلم میں اے تاجؔ

جو نہ لکھنا ہو وہ اکثر لکھنا

غم حیات کی یہ دل کشی غنیمت ہے (غزل)

غم حیات کی یہ دل کشی غنیمت ہے

میرے قریب نہ آئی خوشی غنیمت ہے

وہ زندگی جو تیری یاد کی اسیر رہی

کسی طرح سے گزر ہی گئی غنیمت ہے

حیات معرکۂ غم سے کم نہیں اے دوست

یہ چند لمحوں کی فرصت بڑی غنیمت ہے

خدا کا شکر ہے توہین التجا نہ ہوئی

کسی نے بات مری مان لی غنیمت ہے

تعلقات بہر حال برقرار تو ہیں

جفا شعار کی یہ دشمنی غنیمت ہے

دھڑکتے دل کو کہاں تک سنبھال سکتے تھے

ہجوم غم میں سحر ہو گئی غنیمت ہے

کوئی انیس غم دل نہیں رہا اے تاجؔ

میری رفیق مری شاعری غنیمت ہے

مزید غزلیں از تاج النساء تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں