پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاج الدین تاج کی غزلیں — Tajuddin Taj 1 Ghazals

تاج الدین تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں دشمن جاں ہوں تو بھلا کیوں نہیں دیتے (غزل)

میں دشمن جاں ہوں تو بھلا کیوں نہیں دیتے

اس نقش تمنا کو مٹا کیوں نہیں دیتے

بھٹکاؤ گے کب تک رہ امید میں مجھ کو

مجھ کو مری منزل کا پتہ کیوں نہیں دیتے

منصف ہیں اگر آپ تو پھر سوچنا کیسا

میں پیار کا مجرم ہوں سزا کیوں نہیں دیتے

مٹ جائیں گے جس وقت تو پچھتانا عبث ہے

تم آج وفاؤں کا صلہ کیوں نہیں دیتے

جو لوگ اسے بوجھ سمجھتے ہیں زمیں کا

وہ تاجؔ کو مرنے کی دعا کیوں نہیں دیتے

بے سبب جو بھی مسکراتا ہے (غزل)

بے سبب جو بھی مسکراتا ہے

دل کے زخموں کو وہ چھپاتا ہے

ساری دنیا اداس لگتی ہے

جب کوئی اپنا روٹھ جاتا ہے

دل کا رشتہ عجیب رشتہ ہے

ایک لمحے میں ٹوٹ جاتا ہے

جانے کیا بات ہے ہتھیلی پر

نام لکھ کر مرا مٹاتا ہے

چاندنی روح میں مہکتی ہے

کوئی جس وقت یاد آتا ہے

خواب بنتا ہے جب بھی مستقبل

میرا ماضی نظر ملاتا ہے

تاجؔ اس سے مرا تعلق کیا

میرے سر کی قسم جو کھاتا ہے

مزید غزلیں از تاج الدین تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں