تاجدار عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شاید مجھے تم نے کبھی سمجھا بھی نہیں تھا (غزل)
شاید مجھے تم نے کبھی سمجھا بھی نہیں تھا
میں ورنہ زمانے میں معما بھی نہیں تھا
کچھ دیر چمکتا مرے گھر میں تو وہ کیسے
وہ تو مری پلکوں کا ستارا بھی نہیں تھا
جیسا مجھے برباد جہاں اس نے کیا ہے
اس طرح تو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا
دیکھا تو یہ سوچا کہ ہمیشہ سے ہوں واقف
پہلے تو اگرچہ اسے دیکھا بھی نہیں تھا
آواز دیے جاتا تھا دل دور سے اس کو
گو اس نے پلٹ کر مجھے دیکھا بھی نہیں تھا
واقف ہوئے دنیا سے تو معلوم ہوا یہ
اپنا جسے سمجھے تھے وہ اپنا بھی نہیں تھا
کہنے کی ہے یہ بات کہ وہ چھوڑتا دنیا
سچا تھا وہ عادلؔ مگر اتنا بھی نہیں تھا
طلسم عشق تھا سب اس کا ساتھ ہونے تک (غزل)
طلسم عشق تھا سب اس کا ساتھ ہونے تک
خیال درد نہ آیا نجات ہونے تک
ملا تھا ہجر کے رستے میں صبح کی مانند
بچھڑ گیا تھا مسافر سے رات ہونے تک
عجیب رنگ یہ بستی ہے اس کی نگری بھی
ہر ایک نہر کو دیکھا فرات ہونے تک
وہ اس کمال سے کھیلا تھا عشق کی بازی
میں اپنی فتح سمجھتا تھا مات ہونے تک
ہے استعارہ غزل اس سے بات کرنے کا
یہی وسیلہ ہے اب اس سے بات ہونے تک
میں اس کو بھولنا چاہوں تو کیا کروں عادلؔ
جو مجھ میں زندہ ہے خود میری ذات ہونے تک