پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تجمل حسین اختر کی غزلیں — Tajammul Hussain Akhtar Ghazals

تجمل حسین اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دعا تو مانگ دعا میں اثر نہیں تو نہ ہو (غزل)

دعا تو مانگ دعا میں اثر نہیں تو نہ ہو

وہ سن رہا ہے تجھے یہ خبر نہیں تو نہ ہو

ابھر رہی ہے نظر میں ترے خیال کی لو

یہ روشنی ہی بہت ہے سحر نہیں تو نہ ہو

غبار راہ سے روشن ہے جستجو کا چراغ

نظر کے سامنے منزل اگر نہیں تو نہ ہو

وہ سامنے ہے یہ دل بستگی بہت ہے مجھے

حیا سے گر مری جانب نظر نہیں تو نہ ہو

تری گلی سے ترے در سے ہم تو گزریں گے

ترے مزاج میں گر در گزر نہیں تو نہ ہو

صبا صفت تری محفل میں ہے گزر اپنا

تجھے خبر ہو تو قسمت خبر نہیں تو نہ ہو

ترے خیال کی پنہائیوں میں دل گم ہے

شب فراق اگر مختصر نہیں تو نہ ہو

بہت ہے دل کے اجالے کو اک کرن اخترؔ

طلوع وہ جو مثال قمر نہیں تو نہ ہو

شکوہ نہ ہو تسلسل آہ و فغاں رہے (غزل)

شکوہ نہ ہو تسلسل آہ و فغاں رہے

وہ چاہتے ہیں آگ نہ بھڑکے دھواں رہے

لیل و نہار پہلے جو تھے اب کہاں رہے

ہاں یاد ہے کہ تم بھی کبھی مہرباں رہے

قربت میں آ پڑے تھے قیامت کے فاصلے

تنہا تھے ہم تو قول و قسم درمیاں رہے

ہر گام پر ہیں دار و رسن کی سہولتیں

اب جسم و جاں لٹاؤ کہ نام و نشاں رہے

یوں مسکرا کے ترک تعلق کی گفتگو

ایسا ستم کہ جس پہ کرم کا گماں رہے

راہوں کے پیچ و خم میں مسافر بکھر گئے

اب کارواں قیام کرے یا رواں رہے

خوشبوئے پیرہن میں بسا ہے رواں رواں

وہ ہم سے لاکھ دور رہے جزو جاں رہے

مزید غزلیں از تجمل حسین اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں