پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاج سعید کی غزلیں — Taj Saeed Ghazals

تاج سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بند دریچوں کے کمرے سے پروا یوں ٹکرائی ہے (غزل)

بند دریچوں کے کمرے سے پروا یوں ٹکرائی ہے

جیسے دل کے آنگن میں دکھیا نے تان لگائی ہے

پیڑوں کی خاموشی سے بھی دل میرا گھبراتا ہے

صحرا کی ویرانی دیکھ کے آنکھ مری بھر آئی ہے

دل کے صحرا میں یادوں کے جھکڑ ایسے چلتے ہیں

جیسے نین جھروکا بھی اس پریتم کی انگنائی ہے

اپنے دل میں یادوں نے زخموں کے پھول کھلائے ہیں

جسم کی اس دیوار کے اندر کس نے نقب لگائی ہے

پتا پتا شاخ سے ٹوٹے دروازوں پہ وحشت سی

یارو پریم کتھا میں کس نے درد کی تان ملائی ہے

دریا دریا ناؤ بہے تو گوری گیت پروتی جائے

ان گیتوں کی تان امر ہے جن کا رنگ جدائی ہے

پنچھی کی چہکار ہمیشہ جنگل کو گرماتی ہے

خلق خدا نے اپنے دل میں بس یہی یاد بسائی ہے

قدم قدم دکھ درد کے سائے شہر ہوئے ویرانے بھی

کس نے دیس کے پھولوں پر اب ہجر کی راکھ اڑائی ہے

کالی گھٹا میں چاند نے چہرہ چھپا لیا (غزل)

کالی گھٹا میں چاند نے چہرہ چھپا لیا

پھولوں کی رت نے باغ سے خیمہ اٹھا لیا

روٹھے ہیں وہ تو وصل کی رت خواب ہو گئی

ہم نے جدائیوں کو گلے سے لگا لیا

جشن طرب کی رات بڑی خوش گوار تھی

تیرے بدن کی باس کو رت نے چرا لیا

اک گلبدن ملی جو سراپا سپاس تھی

آنکھوں کے راستے اسے دل میں بٹھا لیا

ایسی نگاہ پیار کی یوں تاجؔ کو ملی

دل کے نگر میں ایک دیا سا جلا لیا

یہ رنگ تیرا (نظم)

یہ رنگ تیرا

یہ رنگ میرا

حسین تر ہے

حسیں رہے گا

زمیں کی برکت

یہ گندمی رنگ

سنہری خوشیوں کی رت کی مانند

جواں رہے گا

اسے بنانا سنوارنا ہے

تو اس کی خدمت کرو گے آخر

کہ خدمتوں سے یہ رنگ اپنا

زمیں کی مانند سدا رہے گا

تجھے خبر ہے

مزید غزلیں از تاج سعید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں