تاج پیامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پرندہ چاہتا ہے چاند کا اب ہم سفر ہونا (غزل)
پرندہ چاہتا ہے چاند کا اب ہم سفر ہونا
غضب اس کے لئے یا رب ہوا یہ بال و پر ہونا
اگاتے جو نہیں خورشید مستقبل وہ کہتے ہیں
شب ظلمت کی قسمت میں نہیں روشن سحر ہونا
زمانہ اب نیا آیا نئی راہیں نئی منزل
ہر اک راہی کو اپنا چاہئے خود راہ بر ہونا
کبھی غربت میں ٹھنڈک آگ سے محسوس ہوتی ہے
کبھی بارش کے قطروں کا بھی دیکھا ہے شرر ہونا
گیا وہ دور جب غفلت کی چادر تان لیتے تھے
نہیں خطرے سے خالی ایک پل اب بے خبر ہونا
زمانہ اور سنتا اس تجسس کو بڑھاتا ہے
فسانہ آدمی کی زندگی کا مختصر ہونا
نظام زندگی اے تاجؔ یہ بہتر بدلتی ہے
ابھی دیکھا ہے کس نے شاعری کا با اثر ہونا
خود درد ہی کو درد کا درماں بنا دیا (غزل)
خود درد ہی کو درد کا درماں بنا دیا
میں نے غم حیات کو آساں بنا دیا
کام آیا ان کا غم بھی غم روزگار بھی
دونوں نے مل کے مجھ کو غزل خواں بنا دیا
مجھ کو دیار شوق سے جتنے بھی غم ملے
ان سب کو اپنی زیست کا ساماں بنا دیا
وحشت ٹپک رہی ہے در و بام و سقف سے
وہ کیا گئے کہ گھر کو بیاباں بنا دیا
شرمندہ آپ ہوں نہ کہیں اس خیال سے
ایک ایک زخم کو گل خنداں بنا دیا
چشم کرم کسی کی بڑی چارہ ساز تھی
ذرہ تھا تاجؔ مہر درخشاں بنا دیا