پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاج محمد صدیقی کی غزلیں — Taj Muhammad Siddiqui Ghazals

تاج محمد صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دست میں کس کے آئی ہے دنیا (غزل)

دست میں کس کے آئی ہے دنیا

ہو کے اپنی پرائی ہے دنیا

ہاتھ آنی نہیں ہے یہ پھر بھی

ذہن پر سب کے چھائی ہے دنیا

یہ الگ ہے ہماری آنکھوں کو

آپ نے جو دکھائی ہے دنیا

وہ ہی اول ہے وہ ہی ہے آخر

دوست جس نے بنائی ہے دنیا

دیکھنا حشر میں وہ روئے گا

تاجؔ جس نے کمائی ہے دنیا

نہیں تیرے سوا کچھ آرزو ہے (غزل)

نہیں تیرے سوا کچھ آرزو ہے

ہمارے دل میں بس اک تو ہی تو ہے

دکھائی دے ہمیں کچھ اور کیسے

ہمارے چار سو جب تو ہی تو ہے

تمہیں اے جان چھو سکتے نہیں ہم

کبھو شعلہ ہے تو شبنم کبھو ہے

جسے دیکھو ہے بس مائل اسی کا

ہمارا یار بھی کیا خوبرو ہے

نہیں ہم لڑکھڑا کے گرنے والے

کہ جب تک ہاتھ میں جام و سبو ہے

طبیعت میں انا شامل ہو جن کی

میاں بے کار ان سے گفتگو ہے

تری ہی فکر میں رہتا ہے وہ بھی

تجھے اے تاجؔ جس کی جستجو ہے

مزید غزلیں از تاج محمد صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں