تاج مہجور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
برسوں تم سے باتیں کی ہیں صدیوں ناز اٹھایا ہے (غزل)
برسوں تم سے باتیں کی ہیں صدیوں ناز اٹھایا ہے
لگتا ہے کہ میں نے تم کو جنم جنم سے چاہا ہے
دل کی دھڑکن چاپ تمہارے کومل کومل قدموں کی
خوشبو خوشبو یاد تمہاری پھول تمہارا سایہ ہے
روم روم میں چندن چندن سرگوشی سی مہکی تھی
یا تھے نین تمہارے جھوٹے یا میرا من جھوٹا ہے
تیرے روپ میں یا چندا کی کرنیں سیج پہ سوتی ہیں
چاندی کی شیتل تھالی میں یا جوہی کا گجرا ہے
ان نظروں کے بجروں کا رخ بوجھیں تو کیسے بوجھیں
آنکھیں بھی اتنی ہی گہری ساگر جتنا گہرا ہے
دل یادوں کی پرچھائیں کا موہ بھی شاید جی نہ سکے
سناٹے کے پھیلے ہاتھ میں تنہائی کی ریکھا ہے
ان کی کہانی تو جمنی ہے انگ ہنسے یا نین ہنسیں
اشکوں کے افسانے گھڑ لے یہ دنیا وہ دنیا ہے
مدعی عشق کے چہروں ہی پہ مرتے دیکھے (غزل)
مدعی عشق کے چہروں ہی پہ مرتے دیکھے
راستے دل کے بدن ہی سے گزرتے دیکھے
خود پرستی میں انا میں حد فاصل کھینچی
کتنے چہرے انہی آنکھوں نے اترتے دیکھے
زندگی سے کوئی سمجھوتہ بہت ممکن تھا
مڑ کے دیکھا تو سبھی فیصلے مرتے دیکھے
میری آنکھوں سے ہے شکوہ تو وہ آئینہ اٹھائے
اور آئینوں کو سرگوشیاں کرتے دیکھے
کس کے گھر آئے تھے کہہ دوں تو بڑائی ہوگی
ورنہ انوار تو لوگوں نے اترتے دیکھے
وہ کویتا (نظم)
وہ کویتا
ابھی ہے مرے ذہن کی دھند میں جو
ہزاروں دلوں سے نچوڑی ہوئی سادگی
اور ہونٹوں سے چھینے ہوئے
قہقہوں میں رچی ہے
مگر کوئی کیسے لکھے وہ کویتا
کہ اب انگلیوں سے ٹپکنے لگا ہے لہو
اور زباں
منجمد خون کے ذائقے سے تڑخنے لگی ہے
یہ ممکن ہے
وہ خون میرا ہو یا ہو کسی اجنبی کا
مگر اس سے کیا خون تو خون ہی ہے
کسی فلسفی سوچ کی تال پر
ڈولتی گردنیں کہہ رہی ہیں
ادھر کالی کالی فصیلوں کے پیچھے بڑی روشنی ہے
مگر جانے کیوں
روشنی کی کوئی نئی آیت
اب تک مری آنکھ کی پتلیوں کے رسولوں پہ اتری نہیں
تو شاید میں آسیب ہوں
دشت احساس کا اور بھٹکتا ہوں
جیسے کوئی روح پیاسی