پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاج بھوپالی کی غزلیں — Taj Bhopali Ghazals

تاج بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جو کچھ آج ہے کل تو نہیں ہے (غزل)

یہ جو کچھ آج ہے کل تو نہیں ہے

یہ شام غم مسلسل تو نہیں ہے

میں اکثر راستوں پر سوچتا ہوں

یہ بستی کوئی جنگل تو نہیں ہے

یقیناً تم میں کوئی بات ہوگی

یہ دنیا یوں ہی پاگل تو نہیں ہے

میں لمحہ لمحہ مرتا جا رہا ہوں

مرا گھر میرا مقتل تو نہیں ہے

کسی پر چھا گیا برسا کسی پر

وہ اک آوارہ بادل تو نہیں ہے

دل تیری نظر کی شہہ پا کر ملنے کے بہانے ڈھونڈھے ہے (غزل)

دل تیری نظر کی شہہ پا کر ملنے کے بہانے ڈھونڈھے ہے

گیتوں کی فضائیں مانگے ہے غزلوں کے زمانے ڈھونڈھے ہے

آنکھوں میں لیے شبنم کی چمک سینہ میں لیے دوری کی کسک

وہ آج ہمارے پاس آ کر کچھ زخم پرانے ڈھونڈھے ہے

کیا بات ہے تیری باتوں کی لہجہ ہے کہ ہے جادو کوئی

ہر آن فضا میں دل اڑ کر تاروں کے خزانے ڈھونڈھے ہے

پہلے تو چھٹے یہ دیر و حرم پھر گھر چھوٹا پھر مے خانہ

اب تاجؔ تمہاری گلیوں میں رونے کے ٹھکانے ڈھونڈھے ہے

مزید غزلیں از تاج بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں