تاج عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گنج مخفی سے دلوں کو باخبر کرتا ہوا (غزل)
گنج مخفی سے دلوں کو باخبر کرتا ہوا
اک تجسس ذات کے اندر سفر کرتا ہوا
اک صدا پہ منجمد ہوتی ہوئی سب ساعتیں
ایک لمحہ زندگی کو مختصر کرتا ہوا
اک ذرا سی بات پر منظر دھواں ہوتے ہوئے
اک ذرا سا زہر بستی کو کھنڈر کرتا ہوا
سبز لمحے وقت کی نم آنکھ سے گرتے ہوئے
زرد موسم منظروں کو بے ثمر کرتا ہوا
کس کا رشتہ ٹوٹ کر بکھرا ہے میری آنکھ میں
کون ہے یہ زخم سا سینے میں گھر کرتا ہوا
میرے اندر لمحہ لمحہ ڈوبتی اک کائنات
تاجؔ کوئی نقش ہے دل میں بھنور کرتا ہوا
مزید غزلیں از تاج عادل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں