پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تیمور حسن کی غزلیں — Taimur Hasan Ghazals

تیمور حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موتی نہیں ہوں ریت کا ذرہ تو میں بھی ہوں (غزل)

موتی نہیں ہوں ریت کا ذرہ تو میں بھی ہوں

دریا ترے وجود کا حصہ تو میں بھی ہوں

اے قہقہے بکھیرنے والے تو خوش بھی ہے

ہنسنے کی بات چھوڑ کہ ہنستا تو میں بھی ہوں

مجھ میں اور اس میں صرف مقدر کا فرق ہے

ورنہ وہ شخص جتنا ہے اتنا تو میں بھی ہوں

اس کی تو سوچ دنیا میں جس کا کوئی نہیں

تو کس لیے اداس ہے تیرا تو میں بھی ہوں

اک ایک کر کے ڈوبتے تارے بجھا گئے

مجھ کو بھی ڈوبنا ہے ستارہ تو میں بھی ہوں

اک آئنے میں دیکھ کے آیا ہے یہ خیال

میں کیوں نہ اس سے کہہ دوں کہ تجھ سا تو میں بھی ہوں

وہ جو ممکن نہ ہو ممکن یہ بنا دیتا ہے (غزل)

وہ جو ممکن نہ ہو ممکن یہ بنا دیتا ہے

خواب دریا کے کناروں کو ملا دیتا ہے

زندگی بھر کی ریاضت مری بیکار گئی

اک خیال آیا تھا بدلے میں وہ کیا دیتا ہے

اب مجھے لگتا ہے دشمن مرا اپنا چہرہ

مجھ سے پہلے یہ مرا حال بتا دیتا ہے

چند جملے وہ ادا کرتا ہے ایسے ڈھب سے

میرے افکار کی بنیاد ہلا دیتا ہے

یہ بھی اعجاز محبت ہے کہ رونے والا

روتے روتے تجھے ہنسنے کی دعا دیتا ہے

زندگی جنگ ہے اعصاب کی اور یہ بھی سنو

عشق اعصاب کو مضبوط بنا دیتا ہے

بیٹھے بیٹھے اسے کیا ہوتا ہے جانے تیمورؔ

جلتا سگرٹ وہ ہتھیلی پہ بجھا دیتا ہے

یہ جہاں اس لیے اچھا نہیں لگتا تیمورؔ

جب بھی دیتا ہے مجھے تیرا گلا دیتا ہے

مزید غزلیں از تیمور حسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں