تاجور شکیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اتنی وحشت ہے در و بام ڈراتے ہیں مجھے (غزل)
اتنی وحشت ہے در و بام ڈراتے ہیں مجھے
کتنی ویران ہوں میں لوگ بتاتے ہیں مجھے
اک طرف وہ ہے جو خوشیوں سے گلے ملتا ہے
اک طرف میں کہ سب آزار ستاتے ہیں مجھے
جن چراغوں کو تری شہ پہ چمکنا آیا
اتنے بے فیض کہ خود بجھ کے جلاتے ہیں مجھے
جاگتی آنکھ تو وہ سامنے آئے نہ کبھی
خواب میں ہاتھ پکڑ کے جو اٹھاتے ہیں مجھے
ہجر کے حبس میں بے جان محبت جذبے
گھر کے پنکھے تلک احساس دلاتے ہیں مجھے
تاجورؔ اس سے کہو وہ ہے محبت پہلی
وہ نہیں ملتا بہت لوگ بلاتے ہیں مجھے
بچھڑ کر دور جانا پڑ گیا ناں (غزل)
بچھڑ کر دور جانا پڑ گیا ناں
تمہیں مجھ کو بھلانا پڑ گیا ناں
مجھی سے تم چھپاتے تھے سبھی کچھ
مجھی کو غم سنانا پڑ گیا ناں
مجھے اسموگ اچھا لگ رہا ہے
کہ اس کو پاس آنا پڑ گیا ناں
کہانی میں پری مرنے لگی ہے
نیا کردار لانا پڑ گیا ناں
سنور کے کیا کروں میں جب کسی کو
مرے خوابوں میں آنا پڑ گیا ناں
بچایا تھا مگر آخر کہاں تک
مجھے یہ دل لگانا پڑ گیا ناں
میں کتنی تھی اکیلی چھوڑ دو جب
مجھے خود سے بتانا پڑ گیا ناں
کہا بھی تھا بچھڑ جانا خوشی سے
نیا اک شاخسانہ پڑ گیا ناں
سخن پر تاجورؔ جو نکتہ چیں تھے
انہیں بھی مسکرانا پڑ گیا ناں