پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تحسین سروری کی غزلیں — Tahseen Sarwari 1 Ghazals

تحسین سروری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس درجہ حقیقت آشنا ہوں (غزل)

اس درجہ حقیقت آشنا ہوں

افسانہ طراز بن گیا ہوں

کس کس نے پڑھا مگر نہ سمجھا

میں ایسا ہی حرف مدعا ہوں

نفرت کی نظر سے جو نہ دیکھے

حیرت سے اسے میں دیکھتا ہوں

میں سہل پسند آدمی ہوں

لکھتا وہ نہیں جو سوچتا ہوں

میں چشم حیات کی مژہ پر

آنسو کی طرح رکا ہوا ہوں

پھرتا ہوں چمن چمن مگر میں

شبنم کی مثال ٹھیرتا ہوں

باہر سے ہوں ایک تودۂ برف

اندر سے مگر سلگ رہا ہوں

میرے نہ قریب سے گزرنا

میں شاخ شجر ہوں ٹوٹتا ہوں

ہر شخص کو ہے تلاش میری

ہر شخص کو راہ میں ملا ہوں

کوئی تو مجھے مری خبر دے

مدت سے میں خود سے لاپتا ہوں

تحسینؔ کہاں گئے ہیں سب لوگ

میں راہ میں کیوں کھڑا ہوا ہوں

مزید غزلیں از تحسین سروری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں