پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تحسین فراقی کی غزلیں — Tahseen Firaqi Ghazals

تحسین فراقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ سا انجان کسی موڑ پہ کھو سکتا ہے (غزل)

مجھ سا انجان کسی موڑ پہ کھو سکتا ہے

حادثہ کوئی بھی اس شہر میں ہو سکتا ہے

سطح دریا کا یہ سفاک سکوں ہے دھوکا

یہ تری ناؤ کسی وقت ڈبو سکتا ہے

خود کنواں چل کے کرے تشنہ دہانوں کو غریق

ایسا ممکن ہے مری جان یہ ہو سکتا ہے

بے طرح گونجتا ہے روح کے سناٹے میں

ایسے صحرا میں مسافر کہاں سو سکتا ہے

قتل سے ہاتھ اٹھاتا نہیں قاتل نہ سہی

خون سے لتھڑے ہوئے ہاتھ تو دھو سکتا ہے

جھوم کر اٹھتا نہیں کھل کے برسنا کیسا

کیسا بادل ہے کہ ہنستا ہے نہ رو سکتا ہے

جز مرے رشتۂ انفاس گرہ گیر میں کون

گہر اشک شرر بار پرو سکتا ہے

تری گلی میں گئے کتنے ماہ و سال ہوئے (غزل)

تری گلی میں گئے کتنے ماہ و سال ہوئے

گزر گئے کئی موسم ہمیں بحال ہوئے

زباں میں تھی ابھی لکنت کہ حرف عشق کہا

لڑکپنا تھا کہ زنجیر خد و خال ہوئے

میں مسکراتا رہا اور مسکراتا رہا

سوال مجھ پہ کئی میرے حسب حال ہوئے

نہیں کہ کوہ کن و قیس کا زمانہ نہیں

مگر یہ بات کہ یہ لوگ خال خال ہوئے

ٹھہر گیا سوا نیزے پہ آن کر سورج

گزر گئیں کئی صدیاں ہمیں زوال ہوئے

پھر اس کی یاد نے دستک دل حزیں پر دی

پھر آنسوؤں میں نہاں اس کے خد و خال ہوئے

مثال نقش کف پا نہ اٹھ سکے تحسیںؔ

بہ رنگ سبزہ ہم اس درجہ پائمال ہوئے

خبر وحشت اثر تھی (نظم)

خبر وحشت اثر تھی

اسے ایسے لگا

جیسے زمیں پاؤں کے نیچے سے سرکتی جا رہی ہے

طبق ساتوں کے ساتوں آسماں کے اس کے سر پر آ گرے ہیں

اک دھماکے سے

نظر کے سامنے حد نظر تک ایک کالی دھند کے

منظر شکن پردے

زمیں سے آسماں تک تن گئے ہیں

ہوا کے پاؤں میں من من کی زنجیریں پڑی ہیں

ادھر دل کو ٹٹولا تو لگا اسے

کہ جیسے آسماں کی وسعتوں میں کوئی طیارہ گھرا ہوا آندھیوں میں

اور گرداب ہوائی میں مسلسل پے بہ پے کھاتا ہو ہچکولے

ادھر چہرے کو دیکھا تو لگا ایسے

کہ جیسے اس کتاب زندگی سے

سارے حرفوں کی چمکتی روشنائی اڑ چکی ہو

خلش ایسے تھی سینے میں

کہ جیسے کوئی کانٹے دار جھاڑی پر مہین ململ کو بے دردی سے کھینچے

اور تار‌ و تار کر ڈالے

لہو سارے بدن کا کھنچ کے آنکھوں کے شکستہ جام و مینا سے

ٹپکنا چاہتا تھا

اسے اس حال میں دیکھا تو آئینے چٹخ کر ریزہ ریزہ ہو گئے

اور آرزو کے اس بہشت آباد کی سب چیزیں

اپنے اپنے مرکز سے لگیں ہٹنے

فلک کو چومنے والے کلس اور کنگرے پل پل بھر میں مٹی چاٹتے تھے

اور دھرتی کی شکستہ جا بہ جا کٹ جانے والی

سرد ریکھاؤں میں اپنے ٹھوکریں کھاتے مقدر ڈھونڈتے تھے

درخت اپنی جگہ سے ہل گئے

اور ان کی شاخوں پر لدا سب بور

پھل بننے سے پہلے جھڑ گیا

غرض ہر شے پہ وحشت تھی

خبر ہی اس قدر وحشت اثر تھی

سنا ہے جب دلوں کی لہلہاتی کھیتیاں برباد ہوتی ہیں

تو ایسے زلزلے آیا ہی کرتے ہیں

مزید غزلیں از تحسین فراقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں