تحسین عبد الرشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں نے ڈھونڈھا تو بہت مجھ کو ملا کچھ بھی نہیں (غزل)
میں نے ڈھونڈھا تو بہت مجھ کو ملا کچھ بھی نہیں
اس کی آنکھوں میں اداسی کے سوا کچھ بھی نہیں
مجھ کو معلوم تھا اس کو ہے شکایت مجھ سے
میں نے پوچھا تو بہت اس نے کہا کچھ بھی نہیں
اتنا آسان تھا لہجہ کہ سمجھ میں آئے
بات کرتا رہا ایسے کے گلہ کچھ بھی نہیں
یا خدا اس کو تو آزاد غموں سے کر دے
ہر خطا میری ہے اس کی تو خطا کچھ بھی نہیں
وہ جو تحسینؔ ترے حق میں دعا کرتا تھا
اس کو بدلے میں کبھی تجھ سے ملا کچھ بھی نہیں
ہر کسی کو جو زمانے میں صفائی دوگے (غزل)
ہر کسی کو جو زمانے میں صفائی دوگے
پھر تو طے ہے کے گنہگار دکھائی دوگے
صرف چہرے سے توجہ نہیں ملتی پیارے
ہوگا آواز میں دم سب کو سنائی دوگے
خود ہی سوچو کے سفر کیسا کٹے گا میرا
سرخ آنکھوں سے اگر مجھ کو وداعی دو گے
مجھ کو لوٹاؤ گے کب آپ امانت میری
اور کب آپ مرے دل کو رہائی دوگے
جس نے سننی تھی تمہاری وہ تمہارا نہ رہا
اور اب کس کو محبت کی دہائی دوگے