طاہرہ جبین تارا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کاغذ پہ تیرا نقش اتارا نہیں گیا (غزل)
کاغذ پہ تیرا نقش اتارا نہیں گیا
مجھ سے کوئی خیال سنوارا نہیں گیا
مل کے لگا ہے آج زمانے ٹھہر گئے
تجھ سے بچھڑ کے وقت گزارا نہیں گیا
طوفان میں بھی ڈوب نہ پائی مری انا
ڈوبا مگر کسی کو پکارا نہیں گیا
خوشیوں کے قہقہے ہیں ہر اک سمت گونجتے
لگتا ہے کوئی شہر میں مارا نہیں گیا
انسان وحشیوں کی طرح ہیں کہ آج تک
مفہوم زندگی کا ابھارا نہیں گیا
آرائش جمال کسی کام کی نہیں
روئے عمل کو جب کہ نکھارا نہیں گیا
یہ آنکھ نم تھی زباں پر مگر سوال نہ تھا (غزل)
یہ آنکھ نم تھی زباں پر مگر سوال نہ تھا
ہم اپنی ذات میں گم تھے کوئی خیال نہ تھا
سجا لیا ہے ہتھیلی پہ ہم نے اس کا نام
اس لیے تو بچھڑ جانے کا ملال نہ تھا
اگرچہ معتبر ٹھہرے تھے ہم زمانے میں
ہمارے پاس تو ایسا کوئی کمال نہ تھا
اسی کے ساتھ تھے ہم اس سے بے خبر رہ کر
اگرچہ رابطہ اس سے کوئی بحال نہ تھا
ترے ہی نام پہ یہ زندگی کٹی ساری
اگرچہ تیرا کبھی بھی ہمیں وصال نہ تھا
دکھ (نظم)
دکھ
بچھڑنے کا نہیں ہوتا
بلکہ
ان رشتوں کے ٹوٹنے کا ہوتا ہے
برسوں کی رفاقت کے بعد
اک پل میں ٹوٹ جاتے ہیں
اور
ہم تہی داماں رہ جاتے ہیں