پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہرہ جبیں کی غزلیں — Tahira Jabeen Ghazals

طاہرہ جبیں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں کیا مثال دوں کوئی تری مثال کے بعد (غزل)

میں کیا مثال دوں کوئی تری مثال کے بعد

نہیں جمال کوئی بھی ترے جمال کے بعد

عطا ہوئی وہ بلندی مرے تخیل کو

خیال ہیچ ہوئے سب ترے خیال کے بعد

یہ تیرے نام کا صدقہ ہے صاحب معراج

عروج مجھ کو ملا ہے جو ہر زوال کے بعد

بتایا حلیہ مبارک جو ام معبد نے

حسیں لگا نہ کوئی ایسے خد و خال کے بعد

نہ لوٹا آپؐ کے در سے کوئی تہی دامن

نہ ٹوٹا مان کسی کا بیان حال کے بعد

نہیں ہے رنج کوئی جو خوشی میں ڈھل نہ گیا

درود میں نے پڑھا جب کسی ملال کے بعد

کنیز آل محمد اگر میں کہلاؤں

وصال ان سے ہی ہوگا مرا وصال کے بعد

ہے طاہرہؔ یہ تمنا دل و نگاہ کی اب

مدینے جاؤں ہمیشہ ہر ایک سال کے بعد

اپنے حصے کی زمیں بھی چاہیے (غزل)

اپنے حصے کی زمیں بھی چاہیے

دل مکاں کو اک مکیں بھی چاہیے

لڑکے والوں کی طلب تو دیکھیے

لڑکی افسر بھی حسیں بھی چاہیے

اس کی باتیں یاد کرتے ہیں چلو

شام غم کچھ دل نشیں بھی چاہیے

اس کی ہر دم ہاں گھمنڈی کر گئی

اس کے منہ سے اک نہیں بھی چاہیے

دم کرائے کے مکانوں میں گھٹے

گھر ہو کیسا بھی کہیں بھی چاہیے

ہم نہ ہوں تو تم بھی بے معنی رہو

آستانے کو جبیں بھی چاہیے

شعر تو کچھ طاہرہؔ نے کہہ دئے

لیکن اس کو آفریں بھی چاہیے

مزید غزلیں از طاہرہ جبیں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں