پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہر فراز کی غزلیں — Tahir Faraz Ghazals

طاہر فراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کاش ایسا کوئی منظر ہوتا (غزل)

کاش ایسا کوئی منظر ہوتا

میرے کاندھے پہ ترا سر ہوتا

جمع کرتا جو میں آئے ہوئے سنگ

سر چھپانے کے لئے گھر ہوتا

اس بلندی پہ بہت تنہا ہوں

کاش میں سب کے برابر ہوتا

اس نے الجھا دیا دنیا میں مجھے

ورنہ ایک اور قلندر ہوتا

وہ جو ٹھوکر نہ لگاتے مجھ کو

میں کسی راہ کا پتھر ہوتا

آپ ہمارے ساتھ نہیں (غزل)

آپ ہمارے ساتھ نہیں

چلئے کوئی بات نہیں

آپ کسی کے ہو جائیں

آپ کے بس کی بات نہیں

اب ہم کو آواز نہ دو

اب ایسے حالات نہیں

اس دنیا کے نقشے میں

شہر تو ہیں دیہات نہیں

سب ہے گوارا ہم کو مگر

توہین جذبات نہیں

ہم کو مٹانا مشکل ہے

صدیاں ہیں لمحات نہیں

ظالم سے ڈرنے والے

کیا تیرے دو ہاتھ نہیں

بہت خوبصورت ہو تم بہت خوبصورت ہو تم (نظم)

بہت خوبصورت ہو تم بہت خوبصورت ہو تم

کبھی میں جو کہہ دوں محبت ہے تم سے

تو مجھ کو خدا را غلط مت سمجھنا

کہ میری ضرورت ہو تم بہت خوبصورت ہو تم

ہیں پھولوں کی ڈالی پہ بانہیں تمہاری

ہیں خاموش جادو نگاہیں تمہاری

جو کانٹے ہوں سب اپنے دامن میں رکھ لوں

سجاؤں میں کلیوں سے راہیں تمہاری

نظر سے زمانے کی خود کو بچانا

کسی اور سے دیکھو دل مت لگانا

کہ میری امانت ہو تم

بہت خوبصورت ہو تم

ہے چہرا تمہارا کہ دن ہے سنہرا

اور اس پر یہ کالی گھٹاؤں کا پہرا

گلابوں سے نازک مہکتا بدن ہے

یہ لب ہیں تمہارے کہ کھلتا چمن ہے

بکھیرو جو زلفیں تو شرمائے بادل

فرشتے بھی دیکھیں تو ہو جائیں پاگل

وہ پاکیزہ مورت ہو تم بہت خوبصورت ہو تم

جو بن کے کلی مسکراتی ہے اکثر

شب ہجر میں جو رلاتی ہے اکثر

جو لمحوں ہی لمحوں میں دنیا بدل دے

جو شاعر کو دے جائے پہلو غزل کے

چھپانا جو چاہیں چھپائی نہ جائے

بھلانا جو چاہیں بھلائی نہ جائے

وہ پہلی محبت ہو تم بہت خوبصورت ہو تم

مزید غزلیں از طاہر فراز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں