پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہر حنفی کی غزلیں — Tahir Hanfi Ghazals

طاہر حنفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رانی بھی بادشاہ بھی سارے غلام چپ (غزل)

رانی بھی بادشاہ بھی سارے غلام چپ

کردار ہیں کہانی کے سب آج شام چپ

جاہل عدو سے باتوں سے بدلہ نہ لے تو دوست

اس سے بڑا نہیں ہے کوئی انتقام چپ

بے نام خواہشوں نے بنایا اسے حلیف

پاؤں میں سرنگوں تھی کہیں ناتمام چپ

تنہائی ہو تو بولنا سب سے بڑا ہے جرم

ہو سامنے حبیب تو پھر ہے حرام چپ

زینے اتر کے آئے ہیں وہ ایسے روبرو

دانتوں میں انگلیاں ہیں سبھی خوش کلام چپ

دیکھو وہ عالی جاہ ہیں عالی مقام ہیں

حد ادب ہے رہیے بصد احترام چپ

دکھ درد کی بنت سے کہانی ہوئی ہے ختم

طاہرؔ نہ ان کا بھولے سے بھی لے تو نام چپ

میں تیری آنکھ میں رہ کر حجاب ہو جاؤں (غزل)

میں تیری آنکھ میں رہ کر حجاب ہو جاؤں

تو حرف حرف پڑھے وہ کتاب ہو جاؤں

مرے سوا کبھی تجھ کو لبھا سکے نہ کوئی

میں تیرے واسطے وہ انتخاب ہو جاؤں

تو آسمان کی وسعت میں لے کے جائے مجھے

میں تجھ پہ فخر کروں آفتاب ہو جاؤں

تو بوند بوند سے لذت کشید کرتا رہے

مگر نہ پیاس بجھے وہ شراب ہو جاؤں

وہ اپنی نرم سی پوروں سے گر چھوئے مجھ کو

مہک مہک اٹھوں مثل گلاب ہو جاؤں

تمہاری یاد میں چھوڑوں نہ مے کشی طاہرؔ

مجھے ہے جتنا بھی ہونا خراب ہو جاؤں

گئے دنوں کی محبتوں کو (نظم)

گئے دنوں کی محبتوں کو

صعوبتوں کو

اذیتوں کو سنبھال رکھنا

کہ آنے والے کسی بھی لمحے میں

خواب آنکھوں سے چھن گئے تو

محبتوں کو

اذیتوں کو

بسا کے آنکھوں میں

زندگی کو تلاش کرنا

مزید غزلیں از طاہر حنفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں