پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہر بلوچ کی غزلیں — Tahir Baloch Ghazals

طاہر بلوچ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دل بھی ڈوب گیا سیڑھیاں اترتے ہوئے (غزل)

یہ دل بھی ڈوب گیا سیڑھیاں اترتے ہوئے

سنی نہ کوئی صدا سیڑھیاں اترتے ہوئے

خوشی خوشی میں تجھے چھوڑ کر تو آیا مگر

بہت اداس ہوا سیڑھیاں اترتے ہوئے

کہیں یہ تیری سکھائی ہوئی تو آئی نہیں

الجھ رہی ہے ہوا سیڑھیاں اترتے ہوئے

اسے بھی ترک تعلق کا ہو کوئی احساس

وہ لوٹ آئے خدا سیڑھیاں اترتے ہوئے

وہ اب گلی میں کہیں غم زدہ کھڑا ہوا ہے

جو ہنس رہا تھا بڑا سیڑھیاں اترتے ہوئے

آنسوؤں سسکیوں میں آہوں میں (غزل)

آنسوؤں سسکیوں میں آہوں میں

خواب دفنا دئے نگاہوں میں

ان کو کیا دشمنوں کا ڈر ہوگا

آپ ہوں جن کے خیر خواہوں میں

ہم تہی دست ہار کر تجھ کو

اب غلاموں میں ہیں نہ شاہوں میں

تھک گئے زیست کی اذیت سے

آ گئے عشق کی پناہوں میں

آج کل کچھ زوال ہے ورنہ

یوں اضافہ نہ کر گناہوں میں

چند لمحے سکون دے مجھ کو

کتنی لذت ہے تیری باہوں میں

تیرے آنے کی جب ملے گی خبر

ہم تو مارے گئے ہیں چاہوں میں

مزید غزلیں از طاہر بلوچ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں