پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہر عظیم کی غزلیں — Tahir Azeem Ghazals

طاہر عظیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر درد کی دوا بھی ضروری نہیں کہ ہو (غزل)

ہر درد کی دوا بھی ضروری نہیں کہ ہو

میرے لئے ذرا بھی ضروری نہیں کہ ہو

رہتا ہے ذہن و دل میں جو احساس کی طرح

اس کا کوئی پتا بھی ضروری نہیں کہ ہو

انسان سے ملو بھی تو انسان جان کر

ہر شخص دیوتا بھی ضروری نہیں کہ ہو

کس نے تمہیں زبان عطا کی کہ آج تم

کہتے ہو جو خدا بھی ضروری نہیں کہ ہو

قائم عظیمؔ اس کی رضا سے ہے زندگی

اس میں مری رضا بھی ضروری نہیں کہ ہو

موسم گل بہار کے دن تھے (غزل)

موسم گل بہار کے دن تھے

جو ترے میرے پیار کے دن تھے

جو ترے انتظار میں گزرے

بس وہی انتظار کے دن تھے

جو بہت بے قرار رکھتے تھے

ہاں وہی تو قرار کے دن تھے

جن دنوں دل پہ اختیار نہ تھا

کیا وہی اختیار کے دن تھے

تھے مقید تری محبت میں

زندگی سے فرار کے دن تھے

وہ حرف آخر کہاں گیا ہے (نظم)

وہ حرف آخر کہاں گیا ہے

وہ حرف جس کی تہوں میں اپنی

محبتوں کی جو اک کہانی چھپی ہوئی تھی

وہ اک کہانی کہ جس کی رو سے ہی عمر بھر کا

قرار پاتے بہار پاتے

محبتوں میں سرور دل کا سراغ پاتے

وہ حرف جو اک شجر کی صورت

ہمارے گلشن نما مکاں میں

بہت اذیت بھری فضا میں

خزاں کے موسم کے دائروں سے

گزر کے فصل بہار لاتا

وہ حرف ہی تو ہمارے سر پر

جو ایک سایہ نما شجر تھا

کہ جس کے سائے میں رہ کے ہم سب

دکھوں کے سارے

عذاب کے دن

خوشی خوشی ہی گزار لیتے

وہ حرف آخر

بچھڑ کے ہم سے

کہاں گیا ہے

یہ سارا قصہ

بیان کر کے

جو آج ہم نے کسی سے پوچھا

وہ غور کر کے

علامتوں کو سمجھ کے سنجیدگی سے بولا

عظیمؔ وہ حرف مر چکا ہے

مزید غزلیں از طاہر عظیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں