سیدہ کوثر منور شرقپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وکیلوں کی وکالت کر رہی ہوں (غزل)
وکیلوں کی وکالت کر رہی ہوں
سمجھتی ہوں جہالت کر رہی ہوں
مجھے معلوم ہے انجام لیکن
زمانے سے شکایت کر رہی ہوں
میں قیدی ہوں یا قاعد ہوں تجھے کیا
میں ہر صورت قیادت کر رہی ہوں
کوئی سمجھے مجھے کیسا بھی اب تو
خدا کے گھر عبادت کر رہی ہوں
جہاں تعمیر آدم ہو رہی تھی
وہاں اب پھر شرارت کر رہی ہوں
سنا تھا جو وہاں پر میں نے کوثرؔ
وہ کہنے کی جسارت کر رہی ہوں
وہ دشمن ہو گیا اچھا ہوا ہے (غزل)
وہ دشمن ہو گیا اچھا ہوا ہے
یہ لمحہ دل پہ اب لکھا ہوا ہے
مگر سچ ہے کہ وہ بہکا ہوا ہے
مگر اے دل وہ کیوں بہکا ہوا ہے
بلائیں لے رہے تھے لوگ سارے
مگر بچہ ہے پھر سہما ہوا ہے
برا لگتا نہیں اب کوئی کچھ بھی
کہ ہم نے سب ہی کچھ دیکھا ہوا ہے
کھڑی ہوں دھوپ میں سورج سنبھالے
مرا سایہ بڑا پھیلا ہوا ہے
مری آنکھوں پہ تم اب ہاتھ رکھنا
مرے آگے کوئی ٹھہرا ہوا ہے
وہ یاد آیا تو دیکھا میں نے یہ بھی
اندھیرا چار سو پھیلا ہوا ہے
مری آنکھوں میں لگتا ہے کہ اب تک
وہی آنسو وہیں ٹھہرا ہوا ہے
مقدر میرے ہاتھوں میں ہے کوثرؔ
مرے ہاتھوں پہ یہ لکھا ہوا ہے