پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیدہ نفیس بانو شمع کی غزلیں — Syeda Nafis Bano Shama Ghazals

سیدہ نفیس بانو شمع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن یوسف کسے کہتے ہیں زلیخا کیا ہے (غزل)

حسن یوسف کسے کہتے ہیں زلیخا کیا ہے

عشق اک رمز ہے ناداں ابھی سمجھا کیا ہے

فلسفے عشق کے اب کون کسے سمجھائے

ہر طرف اس کی تجلی ہے تو پردا کیا ہے

تو نے دیکھے تو بہت ہوں گے امڈتے ساگر

میری آنکھوں سے کبھی پوچھ کہ دریا کیا ہے

یار کے جلووں میں ایمان مکمل کر لوں

میری جنت ہے یہیں عرش پہ رکھا کیا ہے

شمعؔ اتنا تو کبھی اس کی سمجھ میں آئے

ڈوبتی کشتی کا ساحل سے تقاضہ کیا ہے

یہ فنا میری بقا ہو جیسے (غزل)

یہ فنا میری بقا ہو جیسے

تو ہی چہرے پہ لکھا ہو جیسے

تیرے ہونٹوں پہ تبسم ایسا

پھول صحرا میں کھلا ہو جیسے

یوں پکارا ہے کسی نے مجھ کو

نام تیرا ہی لیا ہو جیسے

اس نے پھیری جو نگاہیں تو لگا

شیشہ پتھر پہ گرا ہو جیسے

ہر طرف لمس ہے زندہ اس کا

گھر میں صدیوں وہ رہا ہو جیسے

زہر محبوب کے ہاتھوں پا کر

یوں پیا میں نے دوا ہو جیسے

وصل کی شام کا اک اک لمحہ

میری مٹھی میں دبا ہو جیسے

مزید غزلیں از سیدہ نفیس بانو شمع ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں