سیدہ فلزا تسکین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو ترے در سے نکلتا ہے بکھر جاتا ہے (غزل)
جو ترے در سے نکلتا ہے بکھر جاتا ہے
تم جسے چھوڑ کے جاتے ہو وہ مر جاتا ہے
راستہ دیکھتا رہتا ہے اکیلا ہی شجر
جو مسافر بھی گزرتا ہے گزر جاتا ہے
پھر کبھی بھی یہ نہ کہنا کہ بچھڑنا ہے تمہیں
ہجر کے نام سے بھی دل مرا ڈر جاتا ہے
کیا محبت کے اصولوں کا نہیں اس کو پتا
کر کے وعدہ وہ ہر اک بار مکر جاتا ہے
تری باتوں میں آتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے (غزل)
تری باتوں میں آتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
غموں میں مسکراتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
جفا کاروں کی دنیا میں وفا کی آس ہے اس کو
عجب سپنے سجاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
اسے کچھ بھی نہیں دکھتا سوائے تیرے دنیا میں
تمہی پر جاں لٹاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
مرے دکھ درد کو اچھی طرح سے جانتا ہے جو
اسی سے غم چھپاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
مجھے معلوم ہے تسکیںؔ نہیں آئے گا اب کے وہ
مگر اس کو بلاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
مزید غزلیں از سیدہ فلزا تسکین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں