سیدہ فاطمہ رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ زرد پتے یہ سرد موسم (غزل)
یہ زرد پتے یہ سرد موسم
کہر میں لپٹی اداس شامیں
ہمارے کب اختیار میں ہے
تمہارے ہاتھوں کو اب جو تھامیں
چلو تمہیں یاد کرکے رو لیں
ہم اپنا دامن ذرا بھگو لیں
تمہاری خواہش میں جی رہے ہیں
سو زہر تنہائی پی رہے ہیں
جانے کیا تھی بات مجھے کچھ یاد نہیں (غزل)
جانے کیا تھی بات مجھے کچھ یاد نہیں
ختم ہوئی کب رات مجھے کچھ یاد نہیں
دل میں جینے کی اک خواہش ہوتی تھی
اب ہیں جو حالات مجھے کچھ یاد نہیں
گرم رتوں میں میں نے دعائیں مانگی تھیں
کب آئی برسات مجھے کچھ یاد نہیں
بچپن میں اک کھیل تو میں نے کھیلا تھا
جیت ہوئی یا مات مجھے کچھ یاد نہیں
میں تو اس کا ساتھ نبھاتی آئی ہوں
کیا کیا تھے صدمات مجھے کچھ یاد نہیں
دل کے مندر میں ہوں ایک مورت ہوں میں (نظم)
دل کے مندر میں ہوں ایک مورت ہوں میں
میں کہ پر کیف ہوں خوب صورت ہوں میں
ماں کی ممتا ہوں میں ایک عورت ہوں میں
مجھ کو سمجھو ذرا بنت حوا ہوں میں
اک قصیدہ ہوں میں ایک نوحہ ہوں میں
ایک عورت ہوں میں ایک حرمت ہوں میں
گلشن زیست میں ایک فرحت ہوں میں
میں ازل سے محبت کا عنوان ہوں
حسن فطرت کی میں ایک پہچان ہوں
دست قسمت کے ہاتھوں دھنی میں ہوئی
ظلم حد سے بڑھا تو ونی میں ہوئی
یہ سبق یاد ہے میری اولاد کو
میرے قدموں میں جنت بنائی گئی
میرے حسن تخیل پہ قربان سب میری خاطر یہ دنیا سجائی گئی
میری آغوش میں ہیں پیمبر پلے
میں کہ خوش بخت ہوں کتنے رہبر پلے
رنگ خوشبو دھنک پھول جگنو صبا میری خاطر چمن کو سنوارا گیا
حسن قائم ہے عورت کی تخلیق سے اس لیے آسماں سے اتارا گیا