پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیدہ فرحت کی غزلیں — Syeda Farhat Ghazals

سیدہ فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ حرص و ہوس کے سودائی آداب محبت کیا جانیں (غزل)

یہ حرص و ہوس کے سودائی آداب محبت کیا جانیں

یہ عشق کے معنی کیا سمجھیں یہ حسن کی قیمت کیا جانیں

ہم چومتے رہتے ہیں ہر دم فطرت کی حسیں پیشانی کو

آزاد منش ہم اہل نظر قانون و شریعت کیا جانیں

ہو خوف جہنم جس میں نہاں جنت کی ہوس ہو جس میں عیاں

اللہ کے سادہ دل بندے ہم ایسی عبادت کیا جانیں

ہوں پھولوں کی سیجیں جن کے لیے کانٹوں کی چبھن کیا سمجھیں گے

جن کے نہ لگی ہو چوٹ کبھی وہ درد کی لذت کیا جانیں

جو سیم و زر میں تولتے ہیں کونین کی ہر اک جنس گراں

انسان کے دل کی قیمت کو وہ صاحب دولت کیا جانیں

انسان جہاں بھی پاتے ہیں ہم دل سے اسے اپناتے ہیں

یہ مذہب و ملت کے جھگڑے ہم اہل محبت کیا جانیں

نہ قصیدہ نہ غزل اور نہ رباعی لکھیے (غزل)

نہ قصیدہ نہ غزل اور نہ رباعی لکھیے

دور موجودہ میں کچھ دل کی تباہی لکھیے

زخم خوردہ غم دوراں سے ہیں جذبات لطیف

حسن اور عشق کی کیا مدح سرائی لکھیے

بجھ گئے دل میں امیدوں کے چراغ روشن

یاس و حرماں کے اندھیروں کی سیاہی لکھیے

اب تو دنیا میں ہیں یوسف کے برادر لاکھوں

دشمن جاں کسے لکھیے کسے بھائی لکھیے

تخت فرعون پہ بیٹھے ہیں جو انساں دشمن

ہم سے کہتے ہیں انہیں ظل الٰہی لکھیے

کس عدالت میں کریں پیش مقدمہ دل کا

اب کہیں کس سے کہ اشکوں کی گواہی لکھیے

چھین لے ہاتھ سے استاد کے ڈنڈا کوئی (نظم)

چھین لے ہاتھ سے استاد کے ڈنڈا کوئی

بدلے ڈنڈے کے کھلا دے ہمیں انڈا کوئی

انڈا کھانے سے لہو جسم میں بڑھ جاتا ہے

چست ہوتا ہے بدن ذہن نکھر جاتا ہے

ڈنڈا لیکن ہمیں کیا فائدہ پہنچاتا ہے

جسم کو دیتا ہے دکھ ذہن کو الجھاتا ہے

کس قدر دیتے ہیں دکھ ہم کو یہ ہائے ڈنڈے

ساری دنیا سے خدا اب تو مٹا دے ڈنڈے

ہے وہ استاد برا جو کہ جمائے ڈنڈے

ہے وہ شاگرد بھی بدھو کہ جو کھائے ڈنڈے

اب نہ اسکول میں ڈنڈے کی خدائی ہوگی

سارے ڈنڈوں کی زمانے سے صفائی ہوگی

زور سے ڈنڈے کے ہرگز نہ پڑھائی ہوگی

اب تو اسکول میں انڈوں کی کھلائی ہوگی

لد گیا اب تو وہ انڈوں کا زمانہ صاحب

ہو چکا اب تو طریقہ یہ پرانا صاحب

جو محبت کا نہ گر آپ نے جانا صاحب

پھر تو دشوار ہوا پڑھنا پڑھانا صاحب

سر پہ ڈنڈے پڑیں ہرگز نہ یہ افتاد آئے

طالب علم نہ کرتا ہوا فریاد آئے

کاش بھولا ہوا شفقت کا سبق یاد آئے

باپ کے روپ میں اسکول میں استاد آئے

مزید غزلیں از سیدہ فرحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں