پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیدہ فرح شاہ کی غزلیں — Syeda Farah Shah Ghazals

سیدہ فرح شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کون کہتا ہے فقط وقت گزاری ہوئی ہے (غزل)

کون کہتا ہے فقط وقت گزاری ہوئی ہے

میں نے یہ عمر ترے عشق میں ہاری ہوئی ہے

مجھ کو چلتے ہوئے محسوس نہیں ہوتا تھا

کیسے ہجرت مرے اعصاب پہ طاری ہوئی ہے

میں جدائی کی اذیت کو سمجھ سکتی ہوں

زندگی میں نے بھی فرقت میں گزاری ہوئی ہے

سب سے ممتاز کیا میری طلب نے اس کو

اب کے عشاق میں جب رائے شماری ہوئی ہے

یہ محبت بھی مرے ہاتھ کی پروردہ ہے

اس کی یہ مانگ مری خود کی سنواری ہوئی ہے

تیری چاہت میں سنوارا ہے غزل کو میں نے

آ ذرا دیکھ کہ کیا گوٹا کناری ہوئی ہے

تیری منزل کہ راستہ ہوں میں (غزل)

تیری منزل کہ راستہ ہوں میں

کچھ بتا تو سہی کہ کیا ہوں میں

تیری الجھی ہوئی کہانی کا

ایک دلچسپ واقعہ ہوں میں

ہوش مجھ کو نہیں سمجھ پاتا

بے خودی تو بتا کہ کیا ہوں میں

تیرے سارے عیوب جانتی ہوں

تیری خاطر تو آئنہ ہوں میں

جس کا رہرو ابھی نہیں پہنچا

ایک پر پیچ راستہ ہوں میں

چند کرنوں کے انتظار میں ہوں

صبح کاذب کا جھٹپٹا ہوں میں

میرے اندر مدام گردش ہے

اب کھلا ہے کہ دائرہ ہوں میں

جانتی ہوں تری ریاضت کو

تیری چاہت ہوں مدعا ہوں میں

تیری فرقت میں جی رہی ہوں فرحؔ

یوں محبت میں معجزہ ہوں میں

مزید غزلیں از سیدہ فرح شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں