سید ضیاءالدین نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زہر کے جام ہیں بہت سارے (غزل)
زہر کے جام ہیں بہت سارے
سچ کے انعام ہیں بہت سارے
یہ جو ان کا سلام آیا ہے
اس میں پیغام ہیں بہت سارے
ذکر کس کا کریں کسے چھوڑیں
ذہن میں نام ہیں بہت سارے
سادگی کم نوائی نادانی
ہم پہ الزام ہیں بہت سارے
ایک ہی کام تو نہیں ہم کو
اور بھی کام ہیں بہت سارے
بچ کے چلنا نہیں نعیمؔ آساں
دام ہر گام ہیں بہت سارے
خبط عظمت میں گرفتار نہیں بھی ہوتے (غزل)
خبط عظمت میں گرفتار نہیں بھی ہوتے
لوگ کچھ باعث آزار نہیں بھی ہوتے
پس بازار بھی بک جاتے ہیں بکنے والے
کتنے سودے سر بازار نہیں بھی ہوتے
یوں بھی ہوتا ہے کسی پل کہ مزاحم حالات
راہ دے دیتے ہیں دیوار نہیں بھی ہوتے
اک تماشا سا بہ ہر حال لگا رہتا ہے
منظر عام پہ کردار نہیں بھی ہوتے
بار تو ہوتے ہیں دنیا کے جھمیلے اکثر
ویسے کچھ بار گراں بار نہیں بھی ہوتے
پارسائی بھی کہیں ڈھونگ ہوا کرتی ہے
کچھ گنہ گار گنہ گار نہیں بھی ہوتے
مزید غزلیں از سید ضیاءالدین نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں