سید ضیا حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گر جائے گی آخر کو یہ دیوار کسی دن (غزل)
گر جائے گی آخر کو یہ دیوار کسی دن
بن جائے گا انکار ہی اقرار کسی دن
اس آس پہ گزرے ہیں کئی سال مہینے
آئے گا پلٹ کر وہی اتوار کسی دن
مانگیں گے مرادیں سبھی عشاق یہاں پر
بن جائے گا مرقد مرا دربار کسی دن
سنتے ہیں شفا ملتی ہے دیدار سے تیرے
آ بیٹھیں گے در پر ترے بیمار کسی دن
لگتا ہے یہ خوش فہمی حقیقت بھی بنے گی
پائیں گے سزا چوک میں غدار کسی دن
مظلوم کے ہاتھوں میں گلا ہوگا تمہارا
لگنا ہے تماشا سر بازار کسی دن
اک بات مکمل تھی تو اک بات ادھوری (غزل)
اک بات مکمل تھی تو اک بات ادھوری
تھا ہجر تو پورا ہی ملاقات ادھوری
بن تیرے ہیں تہوار بھی سب میرے ادھورے
ہے عید بھی پھیکی سی تو شبرات ادھوری
جاتے ہوئے اس کھیل کو انجام تو دیتے
رخصت ہوئے تم چھوڑ کے پھر مات ادھوری
چھیڑا تھا اگر قصہ تو پھر پورا سناتے
رہنے دی کہانی بھی تو اس رات ادھوری
جب زخم لگائے تھے چھڑک جاتے نمک بھی
دی تم نے تو ہے مجھ کو یہ سوغات ادھوری
جیون جو دیا پھر سے مقدر بھی بدلتے
ہیں تیری مسیحا یہ کرامات ادھوری