پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید ضیا علوی کی غزلیں — Syed Zia Alvi Ghazals

سید ضیا علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کو دیکھا تو دکھا کچھ بھی نہیں (غزل)

اس کو دیکھا تو دکھا کچھ بھی نہیں

لٹ گیا سب کچھ بچا کچھ بھی نہیں

سوچ کر نعرہ لگایا عشق نے

وہ ملا ہے تو گیا کچھ بھی نہیں

عشق زندہ یار زندہ باد ہے

اس سے آگے کا پتا کچھ بھی نہیں

سچ بتاؤں درد بھی سوغات ہے

ورنہ آہوں کو ملا کچھ بھی نہیں

ہم کو پاگل کہہ رہا ہے یہ جہاں

اس کو لگتا ہے ہوا کچھ بھی نہیں

اپنی محفل میں اکیلا تھا وہی

ساری محفل میں دکھا کچھ بھی نہیں

عشق کی اتنی حقیقت ہے ضیاؔ

اس کی مرضی کے سوا کچھ بھی نہیں

دل برباد میں پھر اس کی تمنا کیوں ہے (غزل)

دل برباد میں پھر اس کی تمنا کیوں ہے

ہر طرف شام ہے لیکن یہ اجالا کیوں ہے

جس کی یادوں کے دیئے ہم نے بجھا رکھے ہیں

پھر وہی شخص تصور میں اترتا کیوں ہے

جانتا ہوں وہ مسافر ہے سفر کرتا ہے

قریۂ جاں میں مگر آج وہ ٹھہرا کیوں ہے

تھک چکا ہے تو اندھیروں میں رہے میری طرح

چاند کو کس کی طلب ہے یہ نکلتا کیوں ہے

میں وہی خواب ہوں پلکوں پہ سجایا تھا جسے

آج غیروں کی طرح تم نے پکارا کیوں ہے

روز اک بات مرے دل کو ستاتی ہے ضیاؔ

اس قدر ٹوٹ کے تم نے اسے چاہا کیوں ہے

مزید غزلیں از سید ضیا علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں