پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید ضمیر جعفری کی غزلیں — Syed Zameer Jafri Ghazals

سید ضمیر جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم زمانے سے فقط حسن گماں رکھتے ہیں (غزل)

ہم زمانے سے فقط حسن گماں رکھتے ہیں

ہم زمانے سے توقع ہی کہاں رکھتے ہیں

ایک لمحہ بھی مسرت کا بہت ہوتا ہے

لوگ جینے کا سلیقہ ہی کہاں رکھتے ہیں

کچھ ہمارے بھی ستارے ترے دامن پہ رہیں

ہم بھی کچھ خواب جہان گزراں رکھتے ہیں

چند آنسو ہیں کہ ہستی کی چمک ہے جن سے

کچھ حوادث ہیں کہ دنیا کو جواں رکھتے ہیں

جان و دل نذر ہیں لیکن نگہ لطف کی نذر

مفت بکتے ہیں قیامت بھی گراں رکھتے ہیں

اپنے حصے کی مسرت بھی اذیت ہے ضمیرؔ

ہر نفس پاس غم ہم نفساں رکھتے ہیں

خلاصہ یہ مرے حالات کا ہے (غزل)

خلاصہ یہ مرے حالات کا ہے

کہ اپنا سب سفر ہی رات کا ہے

اب اک رومال میرے ساتھ کا ہے

جو میری والدہ کے ہاتھ کا ہے

انا کیا عجز کو گرداب سمجھو

بڑا گہرا سمندر ذات کا ہے

خدا اشعار رسمی سے بچائے

یہ قتل عام سچی بات کا ہے

تپش کتنی ہے ماں کے آنسوؤں میں

یہ پانی کون سی برسات کا ہے

مجھے بہتر ہے کچی قبر اپنی

کسی گنبد سے جو خیرات کا ہے

تھا کبھی علم آدمی دل آدمی پیار آدمی (نظم)

تھا کبھی علم آدمی دل آدمی پیار آدمی

آج کل زر آدمی قصر آدمی کار آدمی

کلبلاتی بستیاں مشکل سے دو چار آدمی

کتنا کم یاب آدمی ہے کتنا بسیار آدمی

پتلی گردن پتلے ابرو پتلے لب پتلی کمر

جتنا بیمار آدمی اتنا طرحدار آدمی

زندگی نیچے کہیں منہ دیکھتی ہی رہ گئی

کتنا اونچا لے گیا جینے کا معیار آدمی

عمر بھر صحرا نوردی کی مگر شادی نہ کی

قیس دیوانہ بھی تھا کتنا سمجھ دار آدمی

دانش و حکمت کی ساری روشنی کے باوجود

کم ہی ملتا ہے زمانے میں کم آزار آدمی

دل رہیں ہیں صومعۂ دستار رہن میکدہ

تھا ضمیر جعفریؔ بھی اک مزے دار آدمی

پہلے کشتی ڈوب جاتی تھی نظر کے سامنے

اب گرے گا بحر اوقیانوس کے بار آدمی

مزید غزلیں از سید ضمیر جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں