پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید ظہیر الدین ظہیر کی غزلیں — Syed Zahiruddin Zaheer Ghazals

سید ظہیر الدین ظہیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی جولاں گاہ زیر آسماں سمجھا تھا میں (غزل)

اپنی جولاں گاہ زیر آسماں سمجھا تھا میں

آب و گل کے کھیل کو اپنا جہاں سمجھا تھا میں

جس دل نا عاقبت اندیش نے چھوڑا تھا ساتھ

ایسے دیوانے کو میر کارواں سمجھا تھا میں

آنکھ بند ہوتے ہی مجھ پر کھل گیا راز حیات

زیست کو دنیا میں عمر جاوداں سمجھا تھا میں

ان کے قبضے میں ہے جنت ان کے قبضے میں ہے نار

اس تعلی کو حدیث دیگراں سمجھا تھا میں

مستقل ہے وہ تو برق و باد کا مسکن ظہیرؔ

یہ غلط فہمی تھی جس کو آشیاں سمجھا تھا میں

عشق ہے دریائے آتش تیر کر جانے کا نام (غزل)

عشق ہے دریائے آتش تیر کر جانے کا نام

حسن ہے صحن چمن میں پھول برسانے کا نام

رات بھر شمع حزیں اس فکر میں جلتی رہی

کیوں بلند آخر ہے اس دنیا میں پروانے کا نا

لیلیٰ و شیریں کی کیا کچھ کہیے اب اس گل کی بات

آج ہے اونچا چمن میں جس کے افسانے کا نام

طور دل کی خیر ہو اب تاب نظارہ کہاں

حسن کا جلوہ تمہارے برق گر جانے کا نام

تو چمن ہے اور تری رفتار ہے موج نسیم

خامشی غنچہ ہنسی ہے پھول کھل جانے کا نام

کہکشاں ہے مانگ تیری غازۂ رخ چاندنی

قد زمیں پر ماہ و انجم کے اتر آنے کا نام

جب کبھی شانوں پہ زلف عنبریں لہرا گئی

بس یہی ہے نکہت گل کے مہک جانے کا نام

مزید غزلیں از سید ظہیر الدین ظہیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں