سید وجیہ الحسن شیرازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق ہو عشق بھی جوانی کا (غزل)
عشق ہو عشق بھی جوانی کا
تم اثاثہ ہو زندگانی کا
میرا دل راجدھانی ہے جس پر
راج چلتا ہے میری رانی کا
مجھ کو رکھا نہیں کسی دل نے
دکھ سمجھتا ہوں لا مکانی کا
غم کی کثرت سے مر گیا ہوتا
شکر بنتا ہے بے دھیانی کا
جو امر کر دے گا کہانی کو
تم وہ کردار ہو کہانی کا
روٹی کپڑے پہ بولے وہ جس کو
آج بھی مسئلہ ہے پانی کا
میں تجھے یاد ہوں نہیں بھولا
شکریہ تیری مہربانی کا
تھی محبت کبھی آج کل تو نہیں (غزل)
تھی محبت کبھی آج کل تو نہیں
سن مری جان اب یوں بدل تو نہیں
زندگی ہے مسلسل اذیت مگر
خودکشی اس اذیت کا حل تو نہیں
جب مسائل ہی خود ساختہ ہیں مرے
پھر گلہ رب سے اچھا عمل تو نہیں
سب ہیں اچھے مگر بس ہے انمول وہ
کوئی بھی اس کا نعم البدل تو نہیں
زندگی بھر تو میں صبر کرتا رہا
ہاں مگر صبر کا پھل اجل تو نہیں
تجھ کو یہ تخت مل ہی گیا ہے اگر
تو غریبوں کو اتنا کچل تو نہیں
مشکلیں ٹل ہی جاتی ہیں اک دن وجیہؔ
یار کوئی بھی مشکل اٹل تو نہیں