پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید واجد علی فرخ بنارسی کی غزلیں — Syed Wajid Ali Farrukh Banarsi Ghazals

سید واجد علی فرخ بنارسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

طواف کعبہ و بت خانہ لا حاصل سمجھتے ہیں (غزل)

طواف کعبہ و بت خانہ لا حاصل سمجھتے ہیں

جو اپنے دل کو حسن یار کی منزل سمجھتے ہیں

وہ ہی کچھ درد کو درد اور دل کو دل سمجھتے ہیں

کسی ناکام کی مشکل کو جو مشکل سمجھتے ہیں

حریم ناز کا ہوتا ہے دھوکا ذرہ ذرہ پر

ترے دیوانے ہر افتاد کو منزل سمجھتے ہیں

ہزاروں جاں ستاں فتنے لیا کرتے ہیں انگڑائی

تری مستی بھری آنکھوں کو ہم قاتل سمجھتے ہیں

جنوں میں پیکر ہر ذرہ ہے ساز انا لیلیٰ

کوئی پردہ ہو وحشی پردۂ محمل سمجھتے ہیں

محبت میں جنہیں ہر گام پر ہوتی ہے ناکامی

وہی کچھ قدر ذوق سعیٔ لا حاصل سمجھتے ہیں

نہ پوچھو کچھ کہ ہے صرف خلش کیا چیز پہلو میں

سب اس کو درد کہتے ہیں ہم اس کو دل سمجھتے ہیں

محبت بے نیاز کیف وصل و ہجر ہوتی ہے

اسے کیا بوالہوس سمجھے گا اہل دل سمجھتے ہیں

نظر پہونچی کہاں اللہ اکبر تیرے کشتوں کی

کہ اپنے ہی کو اپنا حشر میں قاتل سمجھتے ہیں

مصیبت مایۂ راحت ہے ارباب محبت کو

حقیقت آشنا گرداب کو ساحل سمجھتے ہیں

تڑپ کر جان دے دینا جو سچ پوچھو تو آساں ہے

محبت میں مگر جینے کو ہم مشکل سمجھتے ہیں

اسی پر بارشیں ہوتی ہیں انوار تجلی کی

جسے وہ التفات ناز کے قابل سمجھتے ہیں

حقیقت میں انہیں کی زندگی ہے زندگی فرخؔ

اجل کو ہستئ فانی کا جو حاصل سمجھتے ہیں

وعدۂ وصل یار نے مارا (غزل)

وعدۂ وصل یار نے مارا

لذت انتظار نے مارا

جلوۂ گل عذار نے مارا

ایک جان بہار نے مارا

پائمال غم حوادث ہوں

ستم روزگار نے مارا

نہ کھلا عقدۂ فریب شہود

دیدۂ اعتبار نے مارا

دست جور خزاں کا کیا شکوہ

مجھ کو جوش بہار نے مارا

جبر اور وہ بھی کس غضب کا جبر

تہمت اختیار نے مارا

دے کے فرخؔ مجھے پیام وفا

اک تغافل شعار نے مارا