پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وحید الدین سلیم کی غزلیں — Syed Wahidudeen Salim Ghazals

وحید الدین سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مدت ہوئی ہے مدح حسیناں کئے ہوئے (غزل)

مدت ہوئی ہے مدح حسیناں کئے ہوئے

نور سخن سے دل کو چراغاں کئے ہوئے

عرصہ ہوا ہے وصف بہار جمال سے

روئے ورق کو رشک گلستاں کئے ہوئے

برسوں ہوئے ہیں تذکرۂ سوز عشق سے

بزم سخنوری کو درخشاں کئے ہوئے

آتا ہے کس شکوہ سے وہ رشک آفتاب

ظلمت کدے دلوں کے چراغاں کئے ہوئے

جاتا ہوں کوئے یار کو دیکھ اے گھٹا مجھے

برپا ہجوم اشک سے طوفاں کئے ہوئے

بیٹھے ہیں ہم تصور گیسوئے یار میں

اس زندگی کو خواب پریشاں کئے ہوئے

خوں کر کے لے چلا ہوں دل و جاں کو اپنے ساتھ

دیدار روئے یار کا ساماں کئے ہوئے

مر مٹئے اس ادا پہ کہ کچھ لوگ جل بجھے

سینے میں سوز عشق کو پنہاں کئے ہوئے

وہ نو بہار حسن بھی اس راہ سے گیا

ہر نقش پا کو روضۂ رضواں کئے ہوئے

گریباں سے ترے کس نے نکالا صبح خنداں کو (غزل)

گریباں سے ترے کس نے نکالا صبح خنداں کو

کیا کس نے نہاں دامن کی کلیوں سے گلستاں کو

اڑایا چٹکیوں میں میرے ذرے نے بیاباں کو

مرے قطرے نے پانی کر دیا ہر موج طوفاں کو

مری کشتی بھنور سے کھیلنے کا شوق رکھتی ہے

یہ کس نے کر دیا خاموش یا رب موج طوفاں کو

یہ کیا نغمہ تھا چھیڑا جو یکایک قلب مضطر نے

کہ میری نے نے رقصاں کر دیا سارے گلستاں کو

میں ہوں وہ قطرۂ شبنم کہ چمکا تیرے پرتو سے

لگی ہیں کھینچنے کرنیں مری مہر درخشاں کو

مرے ذوق فنا پر زندگی ہے خضر کی قرباں

مرے تلخانۂ‌ غم میں ڈبو دو آب حیواں کو

کلیم طور معنی ہوں ید بیضا ہے میرا دل

منور کر دیا جس نے مرے چاک گریباں کو

کیا لے گا خاک مردہ و افتادہ بن کے تو (نظم)

کیا لے گا خاک مردہ و افتادہ بن کے تو

طوفان بن کہ ہے تری فطرت میں انقلاب

کیوں ٹمٹمائے کرمک شب تاب کی طرح

بن سکتا ہے تو اوج فلک پر اگر شہاب

وہ خاک ہو کہ جس میں ملیں ریزہ ہائے زر

وہ سنگ بن کہ جس سے نکلتے ہیں لعل ناب

چڑیوں کی طرح دانے پہ گرتا ہے کس لیے

پرواز رکھ بلند کہ تو بن سکے عقاب

وہ چشمہ بن کہ جس سے ہوں سرسبز کھیتیاں

رہ رو کو تو فریب نہ دے صورت سراب

مزید غزلیں از وحید الدین سلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں