پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید تنویر رضا عابدی کی غزلیں — Syed Tanvir Raza Abidi Ghazals

سید تنویر رضا عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ماننا تھا مری بات اور نہ مانی تھی (غزل)

نہ ماننا تھا مری بات اور نہ مانی تھی

کہ دل نے پہلے سے ہی خودکشی کی ٹھانی تھی

یہ بہہ رہے تھے کسی بے وفا کی فرقت میں

اے چشم یہ ترے اشکوں کی رائیگانی تھی

نہ کوئی رخت سفر تھا نہ ہم سفر کوئی

میان کرب سفر میری نوحہ خوانی تھی

تمام وقت ہی میں شاعری کو دے دیتا

شکم کی آگ بھی مجھ کو مگر بجھانی تھی

وہ لے رہا تھا ابھی مجھ سے انتقام مگر

میں جانتا تھا عداوت بڑی پرانی تھی

مجھے کیا دل دنیا پرست نے برباد

وگرنہ میرے مقدر میں کامرانی تھی

اسی لیے میں اتر آیا بے وفائی پر

وفا جو وعدہ فراموش کو سکھانی تھی

وہ جا بسا ہے محبت کے دشت میں تنویرؔ

دیار حسن میں کب دل کی قدردانی تھی

یہ حقیقت ہے کہ وہ شخص وفادار نہ تھا (غزل)

یہ حقیقت ہے کہ وہ شخص وفادار نہ تھا

ہاں مگر میں بھی وفا کرنے کو تیار نہ تھا

عرصۂ ہجر بڑا تھا پہ یہ دشوار نہ تھا

دل تو خود ہی مرا آمادۂ دیدار نہ تھا

شہر بے حس میں اسیران ہوس سب تھے مگر

اے محبت ترا کوئی بھی گرفتار نہ تھا

میرا گریہ مرے آنسو مری وحشت کے سوا

ہجر کی رات کوئی میرا مددگار نہ تھا

جانے کیوں کر اسے لمحوں میں کیا میں نے عبور

راستہ یوں تو محبت ترا ہموار نہ تھا

میں نے کل رات بہت حق کی طرف داری کی

صبح دیکھا تو کوئی میرا طرف دار نہ تھا

یہ غزل ساری ہے تنویرؔ مرے خواب کی دین

جب کہی ہے یہ غزل میں نے میں بیدار نہ تھا

مزید غزلیں از سید تنویر رضا عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں